0
Sunday 19 Mar 2023 19:50
یمن کے سرحدی علاقوں پر سعودی اتحاد کے حملوں کا سلسلہ تیز

یمن میں الحدیدہ کے علاقے پر سعودی اتحاد کی جارحیت

حملوں کو رکوانے کیلئے اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کی مداخلت کا مطالبہ
یمن میں الحدیدہ کے علاقے پر سعودی اتحاد کی جارحیت
اسلام ٹائمز۔ جارح سعودی اتحاد کی جانب سے یمن کے صوبے الحدیدہ میں جنگ بندی کی خلاف ورزی اور وحشیانہ جارحیت کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ یمن کے صوبے الحدیدہ میں جنگ بندی کی خلاف ورزی کا جائزہ لینے والی ہم آہنگ کمیٹی اور اس سلسلے میں افسروں کے آپریشنل روم نے گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران الحدیدہ میں جنگ بندی کے چوراسی واقعات درج کئے۔ یمن کے صوبے الحدیدہ میں جنگ بندی کی خلاف ورزی کا جائزہ لینے والی ہم آہنگ کمیٹی اور اس سلسلے میں کمانڈروں کے آپریشنل روم نے کہا ہے کہ الحدیدہ میں جنگ بندی کی جاری خلاف ورزیوں میں ڈرون طیاروں کے دو حملے، جنگی مورچوں کا قیام، جاسوس اور ڈرون طیاروں کی پروازیں، توپ خانے کے حملے اور اکہتر بار گولہ باری کے واقعات شامل ہیں۔ اس درمیان یمن کی نیشنل سالویشن حکومت کے وزیر انسانی حقوق نے یمن کے سرحدی علاقوں پر سعودی اتحاد کے بڑھتے حملوں کا ذکر کرتے ہوئے ان حملوں کو رکوانے کے لئے اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کی مداخلت کا مطالبہ کیا۔

ان دنوں یمن کے سرحدی علاقوں پر سعودی اتحاد کے حملوں کا سلسلہ تیز ہوگیا ہے، جیسا کہ صوبے صعدہ میں شّدا کے علاقے پر ہفتے کے روز ہونے والے حملے میں تین یمنی شہری شہید اور چھے دیگر زخمی بھی ہوئے ہیں۔ دو روز قبل بھی شمالی یمن کے صوبے صعدہ کے سرحدی علاقوں پر سعودی اتحاد نے شدید گولہ باری کی تھی، جس میں ایک یمنی عام شہری شہید اور چار دیگر زخمی ہوئے تھے۔ یمن کی نیشنل سالویشن حکومت کے وزیر انسانی حقوق علی الدیلمی نے کہا ہے کہ جارح سعودی اتحاد کے حملے اور جارحیت نیز حملوں کا سلسلہ روز مرہ کا معمول بن گیا ہے اور توقع کی جاتی ہے کہ اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل اس قسم کے حملوں کو رکوانے کی موثر کوشش کرے گی۔

انھوں نے کہا کہ سعودی اتحاد سمجھتا ہے کہ یمن میں اپنی جارحیت سے آبادی کا نقشہ تبدیل کرکے سرحدی علاقوں میں نیا توازن برقرار کرسکتا ہے۔ یمن کی نیشنل سالویشن حکومت کے وزیر انسانی حقوق نے پناہ گزینوں کے امور میں اقوام متحدہ کے ہائی کمیشن سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ یمن میں حملوں کا نشانہ بنائے جانے والے علاقوں سے اپنے مبصرین کی تعداد کم کرنے کے بجائے ان علاقوں میں دشمنوں کے جرائم کی دستاویزات تیار کرنے میں اپنے فرائض پر عمل کرے۔ سعودی عرب نے امریکہ اور برطانیہ کی حمایت اور متحدہ عرب امارات سمیت بعض ملکوں کے ساتھ اتحاد تشکیل دے کر یمن کو دو ہزار پندرہ سے وحشیانہ جارحیت کا نشانہ بنا رکھا ہے اور یمنی عوام کے لئے مسائل پیدا کرنے کے لئے اس ملک کا مکمل محاصرہ بھی کر رکھا ہے۔
خبر کا کوڈ : 1047556
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش