0
Tuesday 11 Oct 2011 12:41

پاکستان کا دفاع محفوظ ہاتھوں میں ہے، بلوچستان کی ترقی میں حائل قوتوں کو ندامت ہو گی، وزیراعظم گیلانی

پاکستان کا دفاع محفوظ ہاتھوں میں ہے، بلوچستان کی ترقی میں حائل قوتوں کو ندامت ہو گی، وزیراعظم گیلانی
کوئٹہ:اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان کا دفاع محفوظ ہاتھوں میں ہے۔ دہشتگرد بلوچ عوام کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔ کوئٹہ میں پاک فوج کی بلوچ رجمنٹ کی پاسنگ آوٴٹ پریڈ کی تقریب ہوئی، وزیراعظم نے پریڈ کا معائنہ کیا۔ تقریب سے خطاب میں وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف پاک فوج کی قربانیاں مستقبل کو بچانے کیلئے ہیں۔ فوج نے انتہا پسندی کے خلاف کام کر کے پاکستان کا مستقبل بچا لیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کیساتھ ہونیوالی ناانصافیوں کا ازالہ کیا، پیپلز پارٹی نے بلوچستان کے ساتھ ہونیوالی زیادتیوں کی معافی مانگی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ماضی میں بلوچستان کو اس کے حقوق نہیں دیئے گئے، کچھ لوگ دہشتگردی کا راستہ اختیار کر کے ندامت کا باعث بن رہے ہیں، بلوچستان میں فوجی چیک پوسٹیں ختم کر دی گئیں۔ صوبہ حکومت کی ترجیح ہے۔ وزیراعظم گیلانی نے کہا کہ بلوچ نوجوانوں کی فوج میں شمولیت سے ملک کا دفاع مضبوط ہو گا، پانچ ہزار سے زائد نوجوانوں کو خصوصی ٹریننگ دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ دس ارب روپے بلوچستان کو اسی مالی سال کے دوران ادا کر دیئے جائیں گے اور بلوچستان میں تعلیم کے منصوبوں پر خصوصی طور پر کام ہو رہا ہے۔
دیگر ذرائع کے مطابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے اپیل کی ہے کہ دہشتگرد امن کی طرف آئیں، وزیراعظم نے یہ بھی یقین دلایا کہ آئندہ بلوچ قوم کیساتھ زیادتی نہیں ہو گی۔ وزیراعظم کوئٹہ میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے پاک فوج کے ساڑھے چار ہزار جوانوں کی پاسنگ آوٴٹ پریڈ کی تقریب میں مہمان خصوصی تھے۔ پاسنگ آوٹ پریڈ میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی، کمانڈر سدرن کمانڈ، لیفٹیننٹ جنرل جاوید ضیا اور گورنر بلوچستان، وفاقی و صوبائی وزراء بھی موجود تھے۔ 
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم گیلانی نے کہا کہ بلوچستان کے 17 منصوبوں کی تکمیل کیلئے فنڈز مہیا کر دیئے گئے ہیں۔ موجودہ حکومت بلوچ عوام اور صوبے کی ترقی کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ وزیراعظم نے دہشتگردوں سے امن کا راستہ اختیار کرنے کی بھی اپیل کی، پاسنگ آوٴٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے پاک فوج کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ سرحدوں کے نگہباں قومی وقار بچانے کے لئے کام کر رہے ہیں۔ انتہا پسندی کیخلاف کام کر کے فوج نے پاکستان کے مستقبل کو بچایا۔ وزیراعظم نے یہ بھی یقین دلایا کہ آئندہ بلوچ قوم کیساتھ کوئی زیادتی نہیں ہو گی اور بلوچستان کی ترقی میں حائل قوتوں کو ندامت ہو گی۔ وزیراعظم نے بلوچستان کو وفاقی حکومت کی سب سے بڑی ترجیح قرار دیا اور بتایا کہ حکومت نے صوبے کے نوجوانوں کے لئے 20 ہزار ملازمتیں مہیا کرنے کی منصوبہ بندی کی ہے۔
خبر کا کوڈ : 105393
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش