0
Thursday 13 Oct 2011 18:29

گراسمین کی وزیراعظم اور آرمی چیف سے ملاقات، پاکستان دہشتگردی کے خاتمے کا واضح عزم رکھتا ہے، یوسف رضا گیلانی

گراسمین کی وزیراعظم اور آرمی چیف سے ملاقات، پاکستان دہشتگردی کے خاتمے کا واضح عزم رکھتا ہے، یوسف رضا گیلانی
اسلام آباد:اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان کی حکومت اور عوام، دہشتگردی اور شدت پسندی کو مکمل ختم کر دینے کا واضح عزم رکھتی ہے۔ پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے امریکی نمائندہ خصوصی مارک گراسمین نے آج اسلام آباد میں وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کی، سرکاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے ان سے کہا کہ پاک امریکا تعلقات، دہشتگردی کے خلاف جنگ سے آگے بڑھ کر ہونے چاہئیں۔ وزیراعظم اور مارک گراسمین نے دونوں ممالک کے درمیان آبی وسائل کی ترقی اور توانائی شعبوں میں تعاون پر اتفاق بھی کیا۔
 آئی ایس پی آر کے مطابق مارک گراسمین نے راولپنڈی میں آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر خطے میں امن کے لئے پاک امریکا تعاون کے اقدامات پر بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں امریکہ کی حقانی نیٹ ورک سے متعلق نئی پالیسی پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ پاک فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی کی جانب سے پاکستان کے اس موقف کا اعادہ کیا گیا کہ جب تک شدت پسندوں کے خلاف جاری آپریشنز حتمی مراحل میں نہیں پہنچتے کوئی نیا محاذ نہیں کھولا جائے گا۔ 
دیگر ذرائع کے مطابق پاکستان اور افغانستان کے لئے امریکی خصوصی نمائندے مارک گراسمین نے وزیراعظم اور آرمی چیف سے ملاقاتیں کیں، پاکستان کا کہنا ہے کہ امریکہ افغانستان کے حوالے سے اپنی پالیسی واضح کرے۔ امریکی خصوصی نمائندے مارک گراسمین نے اسلام آباد میں وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر خطے کی سکیورٹی صورتحال اور پاک امریکہ تعلقات میں کشیدگی کم کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ملاقاتوں میں حقانی نیٹ ورک کے حوالے سے امریکی پالیسی میں تبدیلی اور افغانستان میں برہان الدین ربانی کے قتل کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر بھی بات چیت کی گئی۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کا مؤقف ہے کہ امریکہ افغانستان کے حوالے سے اپنی پالیسی واضح کرے۔ امریکی خصوصی نمائندے نے وزیر خارجہ حنا ربانی کھر سے بھی ملاقات کی، سیکرٹری خارجہ سلمان بشیر اور امریکی سفیر کیمرون منٹر بھی ملاقات میں موجود تھے۔ بعدازاں مارک گراسمین نے صدر آصف علی زرداری سے بھی ملاقات کی اور دوطرفہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیالات کیا۔
خبر کا کوڈ : 106007
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش