0
Saturday 3 Jun 2023 22:02

اوڈیشہ ٹرین حادثہ میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 288 ہوگئی، مودی نے جائے حادثہ کا دورہ کیا

اوڈیشہ ٹرین حادثہ میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 288 ہوگئی، مودی نے جائے حادثہ کا دورہ کیا
اسلام ٹائمز۔ جمعہ کی شام اڈیشہ کے بالاسور ضلع میں دو ایکسپریس ٹرینوں اور ایک مال بردار ٹرین کے ٹکرانے کے حادثے میں کم از کم 288 مسافر ہلاک اور تقریباً 900 زخمی ہو گئے۔ یہ حادثہ جو کہ ہندوستان کی تاریخ کی بدترین ریلوے حادثات میں سے ہے، شام 7 بجے کے قریب اس وقت پیش آیا تھا جب یشونت پور-ہاؤڑا ایکسپریس کی دو بوگیاں بالاسور کے بہناگا ریلوے اسٹیشن کے قریب پٹری سے اتر گئیں۔ پٹڑی سے اترنے والے ڈبے ملحقہ ٹریک پر تیز رفتار کورومنڈیل ایکسپریس کے راستے میں آگئے اور اس سے ٹکرا گئے۔ تصادم میں کورومنڈیل ایکسپریس کی سترہ بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔ کورومنڈیل ایکسپریس کی ان بوگیوں میں سے کچھ پھر ایک مال ٹرین سے ٹکرا گئیں۔ ساؤتھ ایسٹ ریلوے کے ترجمان آدتیہ چودھری نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ مرنے کی والوں کی تعداد مسلسل بڑھتی گئی اور شام تک یہ تعداد 261 تک پہنچ گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے۔

اوڈیشہ فائر سروسز کے ڈائریکٹر جنرل سدھانشو سارنگی نے اے ایف پی کو بتایا کہ بہت سارے افراد شدید زخمی ہیں۔ قریبی اضلاع کے تمام ہسپتالوں کو الرٹ پر رکھا گیا ہے۔ اوڈیشہ کے چیف سکریٹری پردیپ جینا نے این ڈی ٹی وی کو بتایا کہ تین نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس یونٹ، چار اوڈیشہ ڈیزاسٹر ریپڈ ایکشن فورس یونٹ، 15 سے زیادہ فائر ریسکیو ٹیمیں، 30 ڈاکٹر، 200 پولیس اہلکار اور 60 ایمبولینس جائے حادثہ پر موجود ہیں۔ ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو نے کہا کہ حادثے کی وجوہات کا تعین کرنے کے لئے تفصیلی اعلیٰ سطحی تحقیقات کی جائیں گی۔

انہوں نے مرنے والوں کے لواحقین کے لئے 10 لاکھ روپے، شدید زخمیوں کے لئے 2 لاکھ روپے اور معمولی زخمیوں کے لئے 50 ہزار روپے کے معاوضے کا اعلان بھی کیا۔ نریندر مودی نے بھی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ کی صدارت کی اور جائے حادثہ کا دورہ کیا اور دن کے آخر میں کٹک کے اسپتال میں زخمیوں سے ملاقات بھی کی۔ انہوں نے ’’میں ٹرین حادثے سے دکھی ہوں‘‘۔ انہوں نے وزیراعظم کے قومی ریلیف فنڈ سے ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کے لئے 2 لاکھ روپے اور زخمیوں کے لئے 50 ہزار روپے کے معاوضے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا ’’حکومت زخمیوں کے علاج کے لئے کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔ انہوں نے کہا ’’اس واقعے کی ہر زاویے سے تحقیقات کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، قصوروار پائے جانے والوں کو سخت سزا دی جائے گی‘‘۔
خبر کا کوڈ : 1061790
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش