0
Sunday 30 Aug 2009 14:47

طالبان بکھر چکے ہیں،پاکستان اور افغانستان مشترکہ حکمت عملی سے دہشتگردوں کو شکست دے سکتے ہیں،رحمن ملک

طالبان بکھر چکے ہیں،پاکستان اور افغانستان مشترکہ حکمت عملی سے دہشتگردوں کو شکست دے سکتے ہیں،رحمن ملک
لندن:پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان مشترکہ حکمت عملی اختیار کریں تو بہت جلد دہشت گردوں سے نجات حاصل کر لیں گے، طالبان پاکستان میں بکھر چکے ہیں، القاعدہ اور غیر ملکی دہشت گردوں کی دوسرے درجے کی قیادت پاکستان سے فرار ہو رہی ہے۔ حکیم اللہ محسود القاعدہ کے لیے کام کر رہا ہے اور صرف دولت بنا رہا ہے۔برطانوی ٹی وی کو ایک انٹرویو میں رحمن ملک نے کہا کہ اس وقت حکومت کے پاس سوات، بونیر، لوئر دیر اور دیگر علاقوں میں موجود افراد کا پورا ڈیٹا موجود ہے۔ اس کے علاوہ نقل مکانی کرنے والے خاندان اور افراد جو اپنے علاقوں کو لوٹ گئے ہیں وہ خود حکومت کو مشکوک افراد کے بارے میں اطلاع دیتے ہیں۔ اس کے علاوہ اسلحے کے ذخیروں اور دہشت گردوں کے خفیہ راستوں اور کمیں گاہوں سے بھی آگاہ کرتے ہیں۔ رحمن ملک نے کہا کہ عام شہریوں کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اس نوعیت کی شرکت کے بعد امید ہے کہ دہشت گرد دوبارہ جمع نہیں ہوسکیں گے، تاہم حکومت کڑی نظر رکھے ہوئے ہے۔مقامی عسکریت پسندوں کے نئے سربراہ حکیم اللہ محسود کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ وہ القاعدہ کے لیے کام کر رہا ہے اور صرف دولت بنا رہا ہے۔ افغانستان کے امور پر ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں ہونے والے صدارتی انتخابات کے نتائج کا پورا احترام کرتا ہے۔افغان صدارتی انتخابات کے نتیجے میں جو بھی منتخب ہوا، پاکستانی حکومت اس کے ساتھ مل کرکام کرے گی۔رحمن ملک نے کہا کہ انہیں یقین ہے محفوظ افغانستان ہی محفوظ پاکستان کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک ایک مشترکہ حکمت عملی کے تحت کام کریں تو دہشت گردوں سے بہت جلد نجات حاصل کر لیں گے۔ رحمن ملک نے کہا کہ اگر حامد کرزئی دوبارہ افغان صدر منتخب ہوئے تو ان کے ساتھ بہترین تعلقات استوار کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حال ہی میں دونوں ممالک کی حکومتوں کے درمیان جن امور پر مذاکرات ہوئے اس کے بہترین نتائج سامنے آئے ہیں۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیرداخلہ رحمن ملک گزشتہ روز لندن سے سعودی عرب کے 2 روزہ دورہ پر جدہ پہنچ گئے جہاں پران کا پُرتپاک اور غیر معمولی استقبال کیا گیا۔جدہ ایئرپورٹ پر سعودی عرب کے نائب وزیر داخلہ شہزادہ محمد بن نائف سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر عمر خان شیرزئی،سعودی وزارت داخلہ کے اعلیٰ حکام اور مراد احمد کونسل جنرل پاکستان جدہ نے ان کا استقبال کیا۔ رحمن ملک صدر پاکستان آصف علی زرداری اور وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی کے خصوصی ایلچی کے طور پر سعودی عرب کے دورہ پر ہیں جہاں وہ ( آج )اتوار کو سعودی عرب کے فرمانرواں شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز،خادمین الحرمین الشرفین سے جدہ میں ملاقات کریں گے اور صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی کی طرف سے نیک تمناؤں کا خصوصی پیغام پہنچائیں گے ۔

خبر کا کوڈ : 10776
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش