0
Tuesday 1 Nov 2011 11:59

انتہا پسندی کیخلاف فوجی اقدام کے حامی ہیں، گیلانی

انتہا پسندی کیخلاف فوجی اقدام کے حامی ہیں، گیلانی
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی و انتہا پسندی کے خلاف فوجی اقدامات کی حمایت کرتا ہے، ہم پوری دنیا میں امن،خوشحالی اور ترقی کیلئے لڑ رہے ہیں، دہشت گرد میر ے ملک کے مفاد کے خلاف کام کر رہے ہیں، ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بڑی قربانیاں دی ہیں، یہ جنگ عوام کی حمایت کے بغیر نہیں جیتی جا سکتی، پاکستان افغان سرحد پر خود کار بائیومیٹرکس سسٹم نصب کرنا چاہتا ہے، امریکہ اور آسٹریلیا کے ساتھ دفاع اور انٹیلی جنس شعبوں میں شاندار تعاون موجود ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ آسٹریلیا سے وطن واپسی سے قبل ایک آسٹریلوی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں کیا۔
 وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اپنے مفاد کے تحفظ اور عالمی امن کیلئے دہشتگردی و انتہا پسندی کے خلاف فوجی اقدامات کی حمایت کرتا ہے، ہم دہشتگردوں و انتہا پسندوں کے خلاف فوجی کارروائی کے حامی ہیں۔ دہشت گرد میر ے ملک کے مفاد کے خلاف کام کر رہے ہیں اور ہم پوری دنیا کے امن، خوشحالی اور ترقی کیلئے یہ جنگ لڑ رہے ہیں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں صف اول کا ملک ہونے کے ناطے پاکستان نے نہ صرف بڑی جانی قربانیاں دی ہیں بلکہ قومی معیشت بھی کمزور ہوئی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے پاکستانی قوم کو دہشتگردی کے خلاف یکجا کیا ہے۔ کوئی بھی دہشتگردی کے خلاف جنگ عوام کی حمایت کے بغیر نہیں جیت سکتا۔ پاکستان میں پارلیمنٹ سمیت تمام سیاسی قوتیں ایک ہی صف میں کھڑی ہیں۔ وزیراعظم نے یہ بات نوٹ کی کہ نیٹو فورسز کی مجموعی ہلاکتیں اکیلے پاکستان کے مقابلے میں تعداد میں کم ہیں۔
 
یوسف رضا گیلانی نے افغانستان میں آسٹریلوی فوجیوں کی ہلاکت کے حالیہ واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وہ دہشتگردی کے ہر قسم کے واقعہ اور منشور کی مذمت کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان سرحد پار نقل و حرکت کے حوالے سے چوکس ہے اور پاک افغان سرحد پر خود کار بائیومیٹرکس سسٹم نصب کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا امریکا اور آسٹریلیا کے ساتھ دفاع اور انٹیلی جنس دونوں شعبوں میں شاندار تعاون موجود ہے۔ ہمیں امریکا، افغانستان اور ایساف کے درمیان وسیع تر تعاون کے لئے مزید اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ ہمیں اس مشترکہ دشمن سے نمٹنے کیلئے مل کر کام کرنا ہو گا۔

خبر کا کوڈ : 110900
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش