0
Saturday 5 Nov 2011 18:51

کالعدم 31 جماعتوں کی سرگرمیوں اور کھالیں جمع کرنے پر پابندی

کالعدم 31 جماعتوں کی سرگرمیوں اور کھالیں جمع کرنے پر پابندی
اسلام ٹائمز۔ وزارت داخلہ نے لشکر طیبہ، لشکر جھنگوی، حزب التحریر، القاعدہ، پیپلز امن کمیٹی لیاری اور بلوچستان لبریشن آرمی سمیت 31 کالعدم تنظیموں کی فہرست جاری کی ہے جن پر قربانی کے دنوں میں کھالیں جمع کرنے پر مکمل پابندی ہو گی جبکہ دوسری کسی بھی تنظیم کیلئے قربانی کی کھالیں جمع کرنے کیلئے ڈی سی او یا ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ سے اجازت نامہ حاصل کرنا لازمی ہوگا بصورت دیگر خلاف ورزی کرنیوالوں کیخلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت قانونی کارروائی کی جائیگی۔
وزارت داخلہ سے جاری ہونیوالی فہرست میں جن 31 تنظیموں کو کالعدم قرار دیا گیا ہے ان میں لشکر جھنگوی، سپاہ محمد پاکستان، جیش محمد، لشکر طیبہ، سپاہ صحابہ پاکستان، تحریک جعفریہ پاکستان، تحریک نفاذ شریعت محمدی، تحریک اسلامی، القاعدہ، ملت اسلامیہ پاکستان، خدام السلام، اسلامی تحریک پاکستان، جمعیت الانصار، جمعیت الفرقان، حزب التحریر، خیر النساء انٹرنیشنل ٹرسٹ، بلوچستان لبریشن آرمی، اسلامک سٹوڈنٹس موومنٹ آف پاکستان، لشکر اسلام، انصار الاسلام، حاجی نامدار گروپ، تحریک طالبان پاکستان، بلوچستان ریپبلکن آرمی، بلوچستان لبریشن فرنٹ، لشکر بلوچستان، بلوچستان لبریشن یونائیٹڈ فرنٹ، بلوچستان مسلح دفاع تنظیم، شیعہ طلباء ایکشن کمیٹی گلگت، مرکز سبیل آرگنائزیشن گلگت، تنظیم نوجوانان سنت گلگت اور پیپلز امن کمیٹی لیاری کراچی شامل ہیں۔
یہ تنظیمیں ملک میں کسی قسم کی سیاسی ومذہبی سرگرمیاں نہیں کر سکیں گی اور ایسا کرنے پر ان کیخلاف دہشت گردی کے قوانین کے تحت کارروائی ہوگی، دریں اثناء سیکرٹری وزارت داخلہ نے بتایا ہے کہ قربانی کی کھالیں جمع کرنے کیلئے لاؤڈ سپیکر پر اعلان ممنوع ہونگے، تجارتی بنیادوں پر کھالیں خریدنے والوں کے نمائندوں کے پاس اجازت نامہ لازمی ہوگا کسی کو کھالیں زبردستی چھیننے کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی۔ مذکورہ کالعدم تنظیمیں قربانی کی کھالیں اکٹھی نہیں کرسکیں گی اور کھالیں جمع کرنے کیلئے متعلقہ ڈی سی او یا ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ سے اجازت نامہ حاصل کرنا ہوگا جو کسی بھی وقت سرکاری نمائندے چیک کر سکتے ہیں۔ 

خبر کا کوڈ : 111903
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش