0
Monday 25 Mar 2024 11:40

جنوبی ایشیا میں امن اور خوشحالی کے لیے تنازعہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے، حریت کانفرنس

جنوبی ایشیا میں امن اور خوشحالی کے لیے تنازعہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے، حریت کانفرنس
اسلام ٹائمز۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیا کے خطے میں امن اور خوشحالی کے لیے تنازعہ کشمیر کا پرامن حل ناگزیر ہے۔ ذرائع کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان بنیادی مسئلہ کشمیر ہے اور اسے ایک پائیدار مذاکراتی عمل کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے گھروں پر مسلسل چھاپوں، محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں اور عام لوگوں کو درپیش مشکلات پر شدید تشویش کا اظہار کیا، سرینگر اور اسلام آباد اضلاع میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں جھوٹے الزامات پر چھ نوجوانوں کی گرفتاری کی مذمت کی۔

انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ جنگ امن کے لیے کوئی آپشن نہیں اور امن خلاء میں نہیں بلکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان سازگار ماحول میں پائیدار مذاکراتی عمل کے ذریعے حاصل کیا جا سکتا ہے۔ترجمان نے کہا کہ دونوں ممالک کی قیادت کو چاہیے کہ وہ سیاسی دانشمندی کا مظاہرہ کریں اور جنوبی ایشیا کے عوام سمیت پوری انسانیت کے محفوظ مستقبل کے لیے ایک نئی شروعات کا آغاز کریں اور اس کے لیے ضروری ہے کہ باہمی تنازعات بالخصوص تنازعہ کشمیر کو مظلوم عوام کی خواہشات کے مطابق حل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیری عوام کو ڈرانے دھمکانے اور جدوجہد آزادی سے روکنے کے لیے وحشیانہ اور جابرانہ اقدامات کر رہا ہے لیکن وہ اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے پاس مزاحمتی تحریک کو آگے بڑھانے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے۔ ترجمان نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس پر زور د یا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں موجودہ بگڑتی ہوئی صورتحال کا سنجیدگی سے نوٹس لیں اور مقبوضہ علاقے میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو بند کرانے کے لئے ٹھوس اقدامات کریں۔
خبر کا کوڈ : 1124720
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش