0
Thursday 28 Mar 2024 10:01

میر واعظ یوسف شاہ اور شہید جلیل اندرابی کو ان کی برسیوں پر خراج عقیدت

میر واعظ یوسف شاہ اور شہید جلیل اندرابی کو ان کی برسیوں پر خراج عقیدت
اسلام ٹائمز۔ آزاد کشمیر کے سابق صدر میر واعظ مولانا محمد یوسف شاہ اور انسانی حقوق کے علمبردار شہید ایڈوکیٹ جلیل اندرابی کو ان کی برسیوں پر خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد کشمیر شاخ کے زیراہتمام اسلام آباد میں ایک دعائیہ مجلس کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت کنوینر محمود احمد ساغر نے کی۔ ذرائع کے مطابق دعائیہ مجلس میں ممتاز سیاسی و مذہبی رہنما اور مفسر قرآن میرواعظ مولانا محمد یوسف شاہ اور ایڈوکیٹ جلیل اندرابی کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ محمود احمد ساغر نے میر واعظ محمد یوسف شاہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ میر واعظ کشمیر نے قرآن مجید کا کشمیری زبان میں ترجمہ اور تفسیر کا عظیم کارنامہ سر انجام دیا ہے جسے رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے انسانی حقوق کے علمبردار ایڈوکیٹ جلیل اندرابی کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام انہیں کبھی فراموش نہیں کر سکتے۔انہوں نے کہا کہ ایڈوکیٹ جلیل اندرابی کے اہل خانہ 28سال گزر جانے کے باوجود آج بھی انصاف سے محروم ہیں۔

جلیل اندرابی کو میجر اوتار سنگھ کی قیادت میں بھارتی فوج کی 35راشٹریہ رائفلز کے اہلکاروں نے 8 مارچ 1996ء کو گرفتار کیا تھا اور تین ہفتے بعد ان کی لاش سرینگر میں دریائے جہلم سے برآمد ہوئی تھی۔دعائیہ مجلس میں اشفاق مجید وانی، ڈاکٹر عبداللہ گورو، بشیر صدیقی اور دیگر شہدائے کشمیر کو بھی خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ اجلاس میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد کشمیر شاخ کے رہنمائوں غلام محمد صفی، سید یوسف نسیم، پرفیسر محمد اشرف صراف، الطاف حسین وانی، شیخ عبدالمتین، محمد رفیق ڈار، ثناء اللہ ڈار، امتیاز وانی، شیخ محمد یعقوب، نثار مرزا، ایڈوکیٹ پرویز احمد، شیخ عبدالماجد، محمد اشرف ڈار، منظور احمد ڈار، مشتاق احمد بٹ، گلشن احمد، میاں مظفر، زاہد اشرف، نذیر احمد کرنائی، محمد شفیع ڈار، قاضی عمران، امتیاز بٹ، عطاء اللہ اور دیگر نے شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 1125357
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش