اسلام ٹائمز۔ سندھ کے وزیرِ آبپاشی جام خان شورو نے کہا ہے کہ سندھ میں پانی کی کمی پر وفاق سے اختلاف ہے۔ کراچی سے وزیرِ آبپاشی سندھ نے صوبے کو پانی کی فراہمی سے متعلق بیان جاری کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ نارا اور روہڑی کینال کو 7 ہزار 200 کیوسک پانی مل رہا ہے، سندھ میں فصلوں کی پیداوار کے لیے پانی کی کمی نہ کی جائے۔ وزیرِ آبپاشی سندھ نے کہا کہ سندھ کی دیگر کینالوں میں 70 فیصد تک پانی کی کمی ہے، روٹیشن پروگرام کے تحت فصلوں اور پینے کے پانی کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایل بی او ڈی، ڈھورو پران، ہاکڑو ڈرین سے بارش کا پانی نکالنے کی الگ اسکیم بنا رہے ہیں، اسکیم کے تحت آر ڈی 210 پر بڑا گیٹ لگایا جائے گا۔ وزیرِ آبپاشی سندھ نے کہا کہ متعلقہ ڈپٹی کمشنرز سے ایل بی او ڈی، ڈھورو پران، ہاکڑو ڈرین کی رپورٹ مانگی ہے، ڈی سی میر پور خاص ڈھورو اور پران نالوں سے تجاوزات ہٹانے پر کام کریں۔