0
Thursday 28 Mar 2024 22:34

کیا غزہ میں جاری اسرائیلی جنگی جرائم کیخلاف عالمی برادری کی کوئی عملی ذمہ داری نہیں، ناصر کنعانی

کیا غزہ میں جاری اسرائیلی جنگی جرائم کیخلاف عالمی برادری کی کوئی عملی ذمہ داری نہیں، ناصر کنعانی
اسلام ٹائمز۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے غزہ کے مظلوم عوام کے خلاف غیرقانونی و سفاک صیہونی رژیم کے جنگی جرائم کی جانب اشارہ کرتے ہوئے ایک مرتبہ پھر یہ سوال اٹھایا ہے کہ کیا ان کھلے جنگی جرائم کے خلاف عالمی برادری کی کوئی عملی ذمہ داری نہیں؟

اس حوالے سے سوشل میڈیا پر جاری ہونے والے اپنے ایک پیغام میں ناصر کنعانی نے تاکید کی ہے کہ غزہ کی پٹی کے ہسپتالوں اور طبی مراکز کے خلاف جنگ، اس پٹی کے باسیوں کے خلاف  دہشتگرد اسرائیلی فوج کے جنگی جرائم اور نسل کشی کا ایک غم انگیز و المناک حصہ ہے! انہوں نے لکھا کہ اس حوالے سے جاری ہونے والی باوثوق رپورٹیں بتاتی ہیں کہ غزہ کی پٹی کے خلاف جنگ کے آغاز سے لے کر اب تک غاصب صہیونی رژیم نے اپنی گھناؤنی منصوبہ بندی کے تحت اس پٹی کے 33 ہسپتالوں کو طبی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے ناکارہ بنایا ہے!

انہوں نے لکھا کہ الشفاء ہسپتال کا محاصرہ اس کے خلاف فوجی کاروائیوں میں شدت، گذشتہ شب اس کے سرجیکل وارڈ کو نذر آتش کرنا، خان یونس کے امل ہسپتال کا محاصرہ اور اس پر بمباری کے بعد طبی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے اسے ناکارہ بنا دینا، خان یونس کے ناصر ہسپتال پر حملہ اور وہاں پناہ لینے والے بے گھر فلسطینیوں کو زد و کوب کرنا اور ڈاکٹروں سمیت اس کے پورے طبی عملے کو گرفتار کر لینا؛ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ کے ہسپتالوں و طبی مراکز کے خلاف غاصب صیہونیوں کے انسانیت سوز اقدامات میں شامل ہیں!

انہوں نے لکھا کہ فلسطینی امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی رپورٹر کا لکھنا ہے کہ ممکن ہے کہ گذشتہ 6 ماہ کے دوران غزہ میں وقوع پذیر ہونے والے اسرائیل کے بین الاقوامی جنگی جرائم کی بھاری تعداد، عالمی عدالت انصاف کو آئندہ 5 دہائیوں تک بھی اپنے ساتھ مشغول رکھے!

اپنے پیغام کے آخر میں ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان کا لکھنا تھا کہ اب، عالمی رائے عامہ میں بار بار، شدت کے ساتھ اٹھنے والا سوال یہ ہے کہ غزہ کی پٹی میں وقوع پذیر ہونے والے اسقدر وسیع جرائم و جنون آمیز تباہی کے بعد بھی، سیاسی موقف کے اعلان، بیان بازی یا قراردادوں کی منظوری سے ہٹ کر، اس کھلی و بے دھڑک نسل کشی کے خلاف ڈیٹرنس پیدا کرنے، اسے روکنے اور مجرموں کی خلاف قانونی کارروائی کرنے کے حوالے سے کیا عالمی برادری و بین الاقوامی اداروں کی کوئی عملی ذمہ داری نہیں؟
خبر کا کوڈ : 1125497
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش