0
Thursday 25 Apr 2024 12:47

پاک ایران اقتصادی، تجارتی، ثقافتی تعلقات کو بڑھانے سے نئی راہیں ہموار ہوں گی، ایاز میمن

پاک ایران اقتصادی، تجارتی، ثقافتی تعلقات کو بڑھانے سے نئی راہیں ہموار ہوں گی، ایاز میمن
اسلام ٹائمز۔ آل کراچی تاجر الائنس ایسوسی ایشن کے چیئرمین ایاز میمن موتی والا نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے دورہ پاکستان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی صدر کے دورے سے دونوں ممالک کے مابین تجارتی و سفارتی تعلقات مضبوط ہوں گے، دونوں ممالک کے درمیان مذہب، تہذیب، سرمایہ کاری اور سکیورٹی کے رشتے ہیں، ایران اور پاکستان کے مابین تجارتی معاہدوں سے دونوں ممالک کی عوام کو فائدہ ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا۔ ایاز میمن موتی والا نے کہا کہ ایران وہ ملک ہے جس نے سب سے پہلے پاکستان کو تسلیم کیا، اس لحاظ سے ہمارا ایران کے ساتھ تعلق سب سے پہلا اور دیرینہ ہے، پاک ایران اقتصادی، تجارتی، ثقافتی تعلقات کو بڑھانے سے نئی راہیں ہموار ہوں گی جو پورے خطے کے لئے مثبت کردار ادا کریں گی، ساری دنیا جانتی ہے کہ پاکستان ایک امن پسند اور تجارتی و سفارتی تعلقات کو بہتر انداز میں لیکر چلنے والا ملک ہے، ایران کے ساتھ تجارتی حجم بڑھانے سے پاکستان کے تاجروں کو مالی فوائد حاصل ہوں گے جو ملکی معیشت کو سہارا دینے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک سے غربت اور بیروزگاری کے خاتمے کے لیئے ہرحال میں معاشی سرگرمیاں بڑھانی ہوگی اور مختلف ممالک کے ساتھ تجارتی تعلقات کو بھی بڑھانا ہوگا تاکہ کاروبار بڑھ سکے۔ انہوں نے کہا کہ بلاشبہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ایران اور پاکستان کی کاوشیں لائق تعریف ہے، قیام امن، تعمیر و ترقی سمیت مختلف اہم شعبوں میں دونوں ممالک کے تعلقات میں مضبوطی سے بہتری آئے گی، مذاکرات اور ہر شعبے میں تعاون کو فروغ دینے سے دونوں ہمسایہ ممالک کی عوام کے لئے خوشحالی کی راہیں ہموار ہوں گی اور خطے میں ترقی و بہتری کے نئے دور کا آغاز ہوگا، پاکستانی قوم ایران کے ساتھ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور دونوں ممالک کے مابین تعلقات کی مضبوطی کی خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک آرمی چیف کی جانب سے پاک ایران سرحد کو امن اور دوستی کا بارڈر قراد دیا جانا اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان پاک ایران سرحد پر باہمی رابطوں کو مضبوط کرنے کا خواہاں ہے، دونوں ممالک کے مابین بہترین کوآرڈینیشن سے دہشتگردی کے خاتمے میں مدد ملے گی اور خطے میں امن واستحکام رہے گا۔
خبر کا کوڈ : 1130996
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش