0
Thursday 25 Apr 2024 20:35

لاپتہ افراد کا مسئلہ نفرتوں اور انتہاپسندی میں اضافہ کا سبب بن رہا ہے، کاشف سعید شیخ

لاپتہ افراد کا مسئلہ نفرتوں اور انتہاپسندی میں اضافہ کا سبب بن رہا ہے، کاشف سعید شیخ
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے قائم مقام امیر کاشف سعید شیخ نے کہا ہے کہ جس دن سیاستدانوں اور انصاف دینے والے اداروں نے سہولتکاری چھوڑ دی پھر کسی آمر کو آئین کیساتھ کھیلنے کی جرات نہیں ہوگی، بلوچستان سمیت پورے ملک سے لاپتہ افراد کا مسئلہ نفرتوں اور انتہاپسندی میں اضافہ کا سبب بن رہا ہے، اگر کوئی فرد کسی جرم میں ملوث ہے تو اسے آئین و قانون کے مطابق سزا دی جائے، جبری گمشدگی اور ماورائے عدالت کاروائی کی کسی کو اجازت نہیں ہونی چاہیئے، نگران وزیراعظم، سنیٹ، عدلیہ سمیت تینوں اہم عہدوں پر فائض شخصیات کا بلوچستان سے تعلق کے باوجود بلوچ گمشدہ افراد کا مسئلہ حل نہ ہونا تشویشناک ہے، بلوچستان کے عوام محب وطن ہیں، عدل انصاف کے بغیر کوئی بھی ملک و معاشرہ ترقی اور متحد نہیں رہ سکتا۔ مشرقی پاکستان بنگلہ دیش کیوں بنا اس پر بھی غوروفکر کرنا چاہیئے، اس لیے طاقت کے استعمال کی بجائے انسانی ہمدردی کے ناتے مسنگ پرسنز کے مسئلے کو حل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہر ادارہ اگر اپنے اپنے دائرہ کار میں رہ کر کام کرتا تو آج وطن عزیز کو مہنگائی بدامنی دہشتگردی، سیاسی بے یقینی جیسی صورتحال کا سامنا نہ ہوتا، یہی وجہ کہ ملک کے بجٹ کا سب سے بڑا حصہ امن و امان کے نام پر خرچ کرنے کے باوجود عوام امن کو ترس گئے ہیں، پورے ملک میں دہشتگردی اور سندھ میں ڈاکو راج ہے، نام نہاد نائن الیون کی آڑ میں غیروں کی جنگ کا ساتھ دینے میں وطن عزیز سیاسی و معاشی طور بے شمارمسائل کا شکار ہے، عوامی و حقیقی قیادت کا راستہ روک کر جعلی قیادت کو قوم پر مسلط کرکے ملک کو قوم کو مزید بحرانوں سے دوچار کردیا گیا ہے، آئین و قانون پر عملداری اور عدل و انصاف کے قیام سے ہی ملک کو اپنی حقیقی منزل اسلامی جمہوری اور فلاحی ریاست کی طرف گامزن کیا جاسکتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 1131080
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش