0
Sunday 4 Dec 2011 16:21

کوئٹہ کی فضاء یاحسین ع کی صداوں سے گھونج اُٹھی، ساتویں محرم کا جلوس عقیدت واحترام سے نکالا گیا

کوئٹہ کی فضاء یاحسین ع کی صداوں سے گھونج اُٹھی، ساتویں محرم کا جلوس عقیدت واحترام سے نکالا گیا
اسلام ٹائمز۔ بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں ‌ساتویں محرم الحرام انتہائی عقیدت و احترام سے منائی گئی۔ ہزارہ ٹاون، مری آباد، اور سیدآباد میں چھوٹے بڑے جلوس برآمد ہوئے، ساتویں محرم الحرام کا علموں، تعزیوں اور ذوالجناح کا مرکزی ماتمی جلوس ہزارہ امام بارگاہ کلاں پرنس روڈ سے پونے تین بجے برآمد ہوا، جلوس کی قیادت بلوچستان شیعہ کانفرنس کے صدر سید آغا اشرف زیدی، آغا داود، حاجی عبدالقیوم چنگیزی، طاہر حسین ایڈوکیٹ، علماء اور ذاکرین کر رہے تھے۔ پولیس نے جلوس کے راستے کو گزشتہ رات سے ہی سیل کر دیا تھا، جلوس کے منتظمین نے اسلامی اخوت اور رواداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے نماز ظہر ادا کرنے کے بعد جلوس برآمد کیا۔ جلوس پرنس روڈ اور آرٹ اسکول روڈ سے ہوتا ہوا آرچر روڈ پہنچا۔
نماز عصر کیلئے جلوس روک لیا گیا، جامع مسجد سنہری میں نماز عصر ادا کرنے کے بعد جلوس روانہ ہوا۔ جلوس کے شرکاء سینہ زنی اور نوحہ خوانی کر رہے تھے۔ جلوس شارع لیاقت سے پرنس روڈ پہنچا اور مغرب کی اذان سے قبل امام بارگاہ ہزارہ میں اختتام پذیر ہوا۔ جلوس کے راستے میں پولیس نے ممکنہ اور موثر حفاظتی اقدامات کئے تھے، امن کمیٹی کے ارکان میر محمد اسلم رند، احسان اللہ کاکڑ، انجمن تاجران کے اللہ داد ترین جلوس کے ہمراہ تھے۔
ہزارہ ٹاون میں بھی ماتمی جلوس نکالے گئے، جس میں عزاداروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
 دریں اثناء سبی سے نمائندے کے مطابق سبی میں ساتویں محرم الحرام کا ماتمی جلوس حیدری چوک سے برآمد ہوا، جو گنپت رائے روڈ اور مسجد روڈ سے ہوتا ہوا مرکزی امام بارگاہ حسینیہ پہنچا، جہاں علامہ سید اطہر حسین نقوی نے خطاب کیا۔ 
لورلائی سے نمائندے کے مطابق محرم الحرام کے موقع پرسیکورٹی کے موثر اقدامات کئے گئے ہیں، ہزارہ محلہ میں واقع امام بارگاہ کے تمام راستے سیل تھے۔
خضدار سے نامہ نگار کے مطابق خضدار میں دسویں محرم کے موقع پر قیام امن کو یقینی بنانے کیلئے گزشتہ روز پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں ‌نے فلیگ مارچ کیا، ڈی پی او خضدار سید مبارک شاہ فلیگ مارچ کی نگرانی کرتے رہے تھے، انہوں ‌نے جلوس کے راستوں کا معائنہ بھی کیا، بعدازاں‌ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں ‌نے کہا کہ ڈی آئی جی خضدار طارق جاوید کی ہدایت پر سخت حفاظتی اقدامات کئے گئے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 119685
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش