0
Sunday 4 Dec 2011 01:29

کربلا رہتی دنیا تک حسینیت کے حق اور یزیدیت کے جبر کی یاد دلاتی رہے گی، فردوس عاشق اعوان

کربلا رہتی دنیا تک حسینیت کے حق اور یزیدیت کے جبر کی یاد دلاتی رہے گی، فردوس عاشق اعوان

اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں فلسفہ حسین ع کو عام کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی، انتہاءپسندی اور شرپسندی کا خاتمہ عوام کی طاقت کی مدد سے کرینگے۔ پاکستان کی سالمیت کے تحفظ کیلئے گروہوں اور فرقہ بندیوں سے بالاتر پوری قوم یکجا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نیٹو حملہ کا مقدمہ عالمی عدالت میں پیش کرے گی۔ قوم کو مایوس نہیں کرینگے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ نیٹو افواج کا حملہ ہماری قومی غیرت کا معاملہ ہے، ہر فیصلہ ملک کے بہترین مفاد میں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بچانے کیلئے عسکری قوت، سیاسی قیادت اور عوام سپر پاور کیخلاف متحد ہیں۔ اسلام اور پاکستان کیخلاف سازشیں ہو رہی ہیں جن کا مقابلہ قومی یکجہتی سے ہی کیا جاسکتا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حسین ابن علی ع صرف ایک قوم، عقیدے، فرقہ، ایک ملک یا ایک براعظم کے نہیں بلکہ وہ تمام انسانیت کے رہنماءہیں۔ انہوں نے ساری انسانیت کو یہ پیغام دیا کہ کبھی ظلم کے سامنے سر نہیں جھکانا، کبھی جھوٹ کو سچ نہ کہنا، کبھی باطل کو حق نہ کہنا، چاہے اس کیلئے جان ہی کیوں نہ چلی جائے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حسین ع اندھیرے میں چراغ اور مایوسی میں وہ امید ہیں جنہوں نے یہ درس دیا کہ کبھی امید کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑو۔ خدا کے قریب رہو گے تو فتح تمہارا مقدر ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ کربلا میں جو قندیل روشن کی گئی تھی، وہ رہتی دنیا تک مینارہ ہدایت رہے گی اور ہمیں یاد دلاتی رہے گی کہ یزیدیت جبر اور ظلم کا نام ہے اور حسینیت حق اور صبر کی پہچان۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ موجودہ حالات میں بھی ہم فلسفہ حسین ع کو مشعل راہ بنا کر اسلام مخالف قوتوں کا مقابلہ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔ نیٹو حملہ قومی غیرت کا معاملہ ہے۔ عسکری قوت، سیاسی قیادت اور عوام سپر پاور کیخلاف متحد ہیں اور پاکستان کیخلاف ان سازشوں کو عوامی طاقت کے ذریعے ناکام بنا دیں گے۔

اس موقع پر پاک فوج کے شہدائے سلالہ کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔ کانفرنس سے پیر محمد یوسف اعوان، مولانا عظمت علی، پیرزادہ محمد اکرم رضا، ریاض حسین، سید بختیار الحسن سبزواری اور سید وسیم عباس نقوی نے اپنے خطاب میں امام حسین ع اور ان کے کربلا میں ساتھیوں کی قربانی کو یزیدیت پر فتح قرار دیتے ہوئے اتحاد واتفاق اور بھائی چارے کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔

خبر کا کوڈ : 119530
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش