0
Thursday 1 Oct 2009 13:48

حکومت مدارس کو کنٹرول میں نہیں لے گی،اصلاحات پارلیمنٹ میں پیش کرینگے،رحمن ملک

مدارس کی آزادی و خود مختاری پر آنچ نہیں آنے دینگے،وفاق المدارس
حکومت مدارس کو کنٹرول میں نہیں لے گی،اصلاحات پارلیمنٹ میں پیش کرینگے،رحمن ملک
اسلام آباد:وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ حکومت مدارس کو اپنے کنٹرول میں نہیں لے گی بلکہ یہ آزاد اتھارٹی کے زیر انتظام کام کریں گے۔ ان کا کہنا ہے مدارس میں اصلاحات کا مسودہ تیار کر کے جلد پارلیمنٹ پیش کیا جائے گا۔ جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے وزیر داخلہ کی رہائش گاہ پر ان سے اہم ملاقات کی۔ملاقات میں سکیورٹی کی صورتحال سمیت وزیرستان میں شدت پسندوں کے خلاف ممکنہ آپریشن کے معاملہ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے ملک میں مدارس کے اصلاحاتی منصوبے پر مولانا فضل الرحمن کو اعتماد میں لیا۔ اس موقع پر مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ حکومت اور مدارس کا سمجھوتہ ایک بڑی کامیابی ہے جس سے ملک میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی۔ وزیر داخلہ رحمن ملک نے مولانا فضل الرحمن سے مدارس ریفارمز کے بارے میں تجاویز بھی حاصل کیں۔ ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران وزیر داخلہ نے مولانا فضل الرحمن کو اتحاد تنظیمات مدارس پاکستان اور دیگر دینی تنظیموں کیساتھ ہونے والے مذاکرات کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت تمام مسالک کے دینی مدارس کو بورڈ کا درجہ دے گی اور ان کے نظام تعلیم میں بھی بہتری لائی جائے گی جبکہ دینی مدارس کے بچوں کو بھی جدید تعلیم حاصل کرنے کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ ملاقات کے دوران مولانا فضل الرحمن نے دینی مدارس میں اصلاحات کیلئے
تمام مسالک کو اعتماد میں لئے جانے کے اقدام کو سراہتے ہوئے ان اصلاحات کو یقینی بنانے کیلئے اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔
 مدارس کی آزادی و خود مختاری پر آنچ نہیں آنے دینگے،وفاق المدارس
اسلام آباد:مدارس کے تمام وفاقوں کو امتحانی بورڈ کی حیثیت دینے کا اعلان ایک مثبت پیش رفت ہے۔ جس پر جلد از جلد قانون سازی اور عملدرآمد کی ضرورت ہے، مدارس میں عصری تعلیم پہلے سے دی جا رہی ہے اسے ریگولر کیا جائے گا، مدارس کے لئے مجوزہ سپریم بورڈ صرف معیار تعلیم اور امتحانی سسٹم کی شفافیت کی نگرانی کرے گا، اس کے پاس کسی قسم کی قوت فیصلہ یا قوت نافذہ نہیں ہو گی، اس منصوبے کے مسودے کی تیاری کے بعد مدارس کی نمائندہ تنظیمیں اپنی اپنی مجالس عاملہ اور مجالس شوریٰ سے اس کی حتمی منظوری لیں گی، صدر اور وزیراعظم سے اتحاد تنظیمات کے وفد کی ملاقات اور مذاکرات کے بعد مجوزہ مسودہ پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا اور اسے باقاعدہ قانونی اور آئینی حیثیت دی جائے گی۔ مسودے کی تیاری کا آغاز 5 اکتوبر سے ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار اتحاد تنظیمات مدارس کے رہنماء شیخ الحدیث مولانا سلیم اللہ، وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے جنرل سیکرٹری مولانا محمد حنیف جالندھری نے وزیر داخلہ کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کے حوالے سے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ مدارس کی آزادی و خود مختاری پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔


خبر کا کوڈ : 12477
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش