0
Saturday 31 Dec 2011 19:42

پاکستان میں امن چاہیے تو امریکہ کو نکال باہر کرنا ہو گا، رحمت خان وردگ

پاکستان میں امن چاہیے تو امریکہ کو نکال باہر کرنا ہو گا، رحمت خان وردگ
اسلام ٹائمز۔ تحریک استقلال کے مرکزی صدر اور ممتاز سیاست دان رحمت خان وردگ نے ’’اسلام ٹائمز‘‘ سے خصوصی انٹرویو میں کہا ہے کہ امریکہ نے افغانستان میں روس سے ویتنام کی شکست کا بدلہ لینے کے لئے پاکستان کو استعمال کیا اور اب وہاں سے خود شکست خوردہ ہو کر جا رہا ہے، اس وقت پاکستان میں تمام مشکلات اور بحرانوں کا ذمہ دار امریکہ ہے جس سے نجات وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت مہنگائی، بے روزگاری، کرپشن، بدعنوانی اور اقربا پروری سمیت دہشت گردی جیسے گھمبیر مسائل کا سامنا ہے، پاکستان ایک زرعی ملک ہے اس کی زراعت کو بہتر بنانے کیلئے ہمیں ڈیمز بنانا ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ جتنے امیر مسلمان ملک ہیں انہیں چاہیے کہ وہ اپنا سرمایہ امریکہ، برطانیہ، فرانس، سوئزر لینڈ اور دیگر یورپی ممالک کے بینکوں میں رکھنے کی بجائے غریب مسلمان ملکوں میں سرمایہ کاری کر کے جائز منافع کمائیں، اس اقدام سے جہاں ان کا سرمایہ محفوظ رہے گا وہاں پسماندہ مسلم ممالک خودکفیل ہو کر اپنے پاؤں پر کھڑے ہو سکیں گے۔

رحمت خان وردگ نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ اس طرح ہو رہا ہے جس طرح صدر ضیاء الحق کے دور میں نواز شریف کے ساتھ ہوا تھا اس وقت بھی اسی طرح لیڈروں کا سیلاب مسلم لیگ میں امڈ آیا تھا اور اب تحریک انصاف میں بھی اسی طرح ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا عمران خان کو ایک میڈیا گروپ نے چند دنوں میں لیڈر بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے جیو گروپ کے لئے ’’پکار‘‘ کے نام سے فنڈ ریزنگ میں مہم میں حصہ لیا اور ساڑھے چار ارب روپے جیو گروپ کو جمع کر کے دیے جس کے جواب میں جیو نے عمران خان کو میڈیا پر اہم ترین لیڈر بنا کر پیش کیا اور پھر سارا میڈیا عمران خان کے پیچھے لگ گیا۔ اب عمران کو لیڈر بنانے والے اس میڈیا گروپ نے اپنا حق ادا کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں یہ صلاحیت ہے کہ وہ امت مسلمہ کی رہنمائی کر سکتا ہے، سعودی عرب میں یہ خصوصیت نہیں ہاں سعودی عرب مسلم امہ کی قیادت کی بجائے اپنے وسائل امت کی ترقی و خوشحالی پر صرف کرئے تو دنیا میں مسلمان عزت ووقار سے جی سکتے ہیں۔

رحمت خان وردگ نے کہا کہ چین، ایران، پاکستان، ترکی اور روس کو مل کر امریکہ مخالف بلاک تشکیل دینا چاہیے اور ایران کے ساتھ زیادہ سے زیادہ تجارتی معاہدے کرنے چاہیے، اس طرح ایران جو چیزیں ہمیں دے سکتا ہے وہ ہمیں اسی سے لینی چاہیے اور ہم جو اشیاء ایران کو دے سکتے ہیں ان کی تجارت اسی سے ہی کرنی چاہیے، ہمارے ہمسایوں کے ساتھ اچھے تعلقات ہوں گے تو ہم تیزی سے اپنی ترقی کا سفر طے کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ نے سری لنکا میں دہشت گردی کا بازار گرم کیا ہوا تھا وہ وہاں سے نکلا تو سری لنکا میں امن ہو گیا اسی طرح پاکستان میں اگر ہم امن چاہتے ہیں تو امریکہ کو نکال باہر کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ طالبان دو قسم کے ہیں ایک امریکی طالبان ہیں جو پاکستان میں دہشت گردی کر رہے ہیں اور دوسرے پاکستانی طالبان ہیں جو امن چاہتے ہیں ہمیں دونوں کی پہچان کرنا ہو گی۔ 
(قارئین رحمت خان وردگ کا تفصیلی چشم کشاء انٹرویو جلد اسلام ٹائمز پر ملاحظہ کر سکیں گے، ادارہ) 

خبر کا کوڈ : 126572
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش