0
Sunday 1 Jan 2012 19:54

حکومت امریکہ نواز خارجہ پالیسی ختم کر کے ایران، چین اور ترکی سے تعلقات بڑھائے، صاحبزادہ فضل کریم

حکومت امریکہ نواز خارجہ پالیسی ختم کر کے ایران، چین اور ترکی سے تعلقات بڑھائے، صاحبزادہ فضل کریم
اسلام ٹائمز۔ علماء و مشائخ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ حاجی محمد فضل کریم نے کہا ہے کہ سابق وفاقی وزیر صاحبزادہ سید حامد سعید کاظمی بے گناہ ہونے کے باوجود ایک سال سے قید ہیں حالانکہ ان پر اب تک کی تحقیقات کے مطابق ایک روپے کی کرپشن بھی ثابت نہیں ہو سکی۔ صاحبزادہ حامد سعید کاظمی کو رہا نہ کرنا انصاف کا قتل ہے، نامی گرامی کرپٹ وزراء دندناتے پھرتے ہیں اور ایک معزز علمی خاندان کے چشم و چراغ کو بے گناہی کے باوجود قربانی کا بکرا بنایا جا رہا ہے، حامد سعید کاظمی کو ایک سازش کے تحت پھنسایا گیا ہے، چیف جسٹس حج کرپشن کیس کی کسی دیانت دار افسر سے تفتیش کرائیں اور اصل مجرموں کو بے نقاب کر کے انصاف کے کٹہرے میں لائیں۔ صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ حامد سعید کاظمی کو اکیلا نہ سمجھا جائے، ملک بھر کے علماء، مشائخ اور عوام اہلسنّت ان کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت بیرونی قرضوں پر انحصار ختم کرے اور سیاسی اثر و رسوخ کے ذریعے معاف کروائے گئے اربوں روپے کے قرضے واپس لیے جائیں۔

سنی اتحاد کے چیئرمین نے کہا کہ کرپشن کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے سزائے موت سمیت سخت قوانین بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے بحران کے خاتمے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر نئے ڈیم بنائے جائیں اور بجلی کی پیداوار کے متبادل ذرائع بھی استعمال میں لائے جائیں۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ حکومت امریکہ نواز خارجہ پالیسی ختم کر کے چین، ایران اور ترکی سے تعلقات بڑھائے اور اسلامی ممالک کی مشترکہ پارلیمنٹ کے لیے کوششیں کی جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سنی اتحاد کونسل صوفیاء کے ماننے والوں کا نمائندہ اور متحدہ پلیٹ فارم ہے، ہم مسلح جدوجہد پر یقین نہیں رکھتے، عشق رسول ہی ہمارا اسلحہ ہے۔

دریں اثناء سنی اتحاد کونسل نے نیو ائیرنائٹ کو ’’شب دعا‘‘ کے طور پر منایا اور ملک بھر میں مساجد اور مزارات اولیاء پر ملکی ترقی، استحکام، خوشحالی اور قیام امن کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں اور نئے سال کا آغاز نوافل ادا کر کے کیا گیا، شب دعا کا مرکزی پروگرام لاہور میں جامعہ غوثیہ مین مارکیٹ گلبرگ میں منعقد ہوا، جس میں پیر محمد اطہر القادری، صاحبزادہ رضائے مصطفٰی نقشبندی، مفتی محمد حسیب قادری، مفتی محمد کریم خان، مفتی محمد عمران حنفی، مولانا محمد علی نقشبندی، مولانا مجاہد عبدالرسول، مولانا قاری مختار احمد صدیقی اور دوسرے علماء اور کارکنان نے شرکت کی۔ دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل کے مرکزی فنانس سیکرٹری پیر محمد اطہر القادری نے کہا کہ نئے سال کو کامیابیوں کا سال بنانے کے لیے ملک میں نظام مصطفٰی نافذ کیا جائے اور بے برکتی کے خاتمے کے لیے سودی نظام کا خاتمہ کیا جائے۔ 
خبر کا کوڈ : 126785
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش