0
Sunday 22 Jan 2012 20:11

جھنگ کے علاقے گڑھ مہاراجہ میں جلوس عزاء پر پولیس کا لاٹھی چارج، شیلنگ، متعدد عزادار زخمی

جھنگ کے علاقے گڑھ مہاراجہ میں جلوس عزاء پر پولیس کا لاٹھی چارج، شیلنگ، متعدد عزادار زخمی
اسلام ٹائمز۔ چہلم حضرت امام حسین ع کے سلسلے میں عزاداری کا سلسلہ جاری ہے۔ اس حوالے سے پنجاب کے ضلع جھنگ کے علاقے گڑھ مہاراجہ کے نواحی گاؤں ملکی اڈہ پر جلوس عزاء پر پولیس کے لاٹھی چارج اور اندھادھند شیلنگ سے متعدد عزادار زخمی ہو گئے جبکہ بھگدڑ مچنے سے متعدد خواتین اور بچوں کے کچلے جانے کی بھی اطلاع ہے۔ اطلاعات کے مطابق ملک اڈہ نامی گاؤں میں چہلم کے سلسلہ میں جلوس برآمد ہوا تو اس میں باہر کے علاقوں سے آنے والی ماتمی سنگتوں نے بھی شرکت کی، اس موقع پر جلوس اپنے مقررہ راستے سے ہوتا ہوا امام بارگاہ میں پہنچ گیا جبکہ تاخیر سے آنے والی ایک ماتمی سنگت نے اسی راستے پر ماتم داری کرتے ہوئے گزرنا چاہا تو پولیس نے روک دیا۔ ماتمی سنگت کے سالار نے پولیس حکام کو بتایا کہ ہم تاخیر سے پہنچے ہیں لیکن عزاداری میں شریک ہونے کے لئے ماتم کر رہے ہیں، جس پر پولیس افسر مشتعل ہو گیا اور انہیں وہاں سے ہٹ جانے کا کہا۔ عزاداروں نے ماتم کرنے پر اصرار کیا تو پولیس نے عزاداروں پر لاٹھی چارج شروع کر دیا اور بعدازاں آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی، جس سے متعدد عزادار زخمی ہو گئے، اس دوران جلوس میں بھگدڑ مچ گئی، جس سے متعدد خواتین اور بچوں کے کچلے جانے کی بھی اطلاع ملی ہے۔ 

بعدازاں جلوس کے شرکاء نے تھانہ گڑھ مہاراجہ کا گھیراؤ کر لیا اور پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے پنجاب حکومت اور ڈی پی او جھنگ سے مطالبہ کیا ہے کہ ایس ایچ او تھانہ گڑھ مہاراجہ کو فوری طور پر برطرف کیا جائے اور زخمیوں کا علاج سرکاری خرچ پر کروایا جائے۔ یاد رہے کہ گڑھ مہاراجہ شہر میں ہر سال 28 صفرالمظفر کو یوم شہادت حضرت رسول اکرم ص اور یوم شہادت حضرت امام حسن ع کے سلسلے میں جلوس برآمد ہوتا ہے، حالیہ دھرنے کے باعث شہر میں فضا کافی کشیدہ ہے، جس سے امن وامان کی صورت حال متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ 
خبر کا کوڈ : 132259
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش