1
0
Sunday 8 Jan 2012 17:39

جھنگ، گڑھ مہاراجہ میں بڑی تباہی ٹل گئی، 2 خودکش بمباروں سمیت 11 دہشتگرد گرفتار

جھنگ، گڑھ مہاراجہ میں بڑی تباہی ٹل گئی، 2 خودکش بمباروں سمیت 11 دہشتگرد گرفتار
 اسلام ٹائمز۔ تخریب کاری کی بہت بڑی واردات ناکام، ہزاروں جانیں بچ گئیں۔ سکیورٹی اداروں نے جھنگ کے علاقہ گڑھ مہاراجہ سے دو خودکش بمباروں سمیت گیارہ دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا۔ گڑھ مہاراجہ میں ہر سال چہلم حضرت امام حسین ع کے سلسلہ میں ملک گیر سطح کا اجتماع امام بارگاہ خیمہ سادات میں ہوتا ہے، جس میں ہزاروں لوگ ملک کے مختلف شہروں سے شرکت کرتے ہیں۔ گزشتہ روز خفیہ اداروں نے بروقت کارروائی کر کے جلوس میں خودکش حملے کی نیت سے آنے والے دو خودکش بمباروں سمیت گیارہ دہشتگردوں کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔ گرفتار ہونے والے دہشتگردوں میں کالعدم سپاہ صحابہ یونٹ گڑھ مہاراجہ کے صدر کے دو بھتیجے اظہر جٹ اور ابوبکر بھی شامل ہیں جن کو خودکش بمباروں کی نشاندہی پر حراست میں لیا گیا۔ دونوں خودکش بمباروں کا تعلق وزیرستان سے بتایا جاتا ہے۔ ذرائع کے مطابق دونوں کالعدم سپاہ صحابہ کے رہنما مولوی غلام شبیر کے مدرسے سے ملحقہ مسجد میں موجود تھے جبکہ مسجد کو باہر سے تالہ لگایا گیا تھا۔

سکیورٹی اداروں نے بروقت پہنچ کر دونوں خودکش بمباروں کو گرفتار کر لیا اور ان کی نشاندہی پر گڑھ مہاراجہ شہر سے دو دہشتگردوں ابوبکر اور اظہر جٹ کو حراست میں لیا، جبکہ دو مزید دہشتگرد پل درکھانہ سے حراست میں لئے گئے ہیں اور پانچ دہشتگردوں کو اٹھارہ ہزاری سے پکڑا گیا ہے۔ ملزمان کے قبضہ سے لیپ ٹاپ کمپیوٹر، دو خودکش جیکٹس، درجنوں دستی بم اور اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق ملزمان کے قبضہ سے ایک نقشہ بھی برآمد ہوا ہے، جس میں جلوس علم پاک کے دو مختلف پوائنٹس پر خودکش حملوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ اگر دونوں خودکش بمبار اپنے مقصد میں کامیاب ہو جاتے تو گڑھ مہاراجہ میں بڑے پیمانے پر تباہی اور سینکڑوں افراد جاں بحق ہو سکتے تھے۔ سکیورٹی اداروں نے تمام دہشتگردوں کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔

ایس ایچ او تھانہ گڑھ مہاراجہ ملک احمد حسن اعوان نے ’’اسلام ٹائمز‘‘ کو ٹیلی فون پر بتایا کہ دہشتگردوں کے خلاف کارروائی خفیہ اداروں نے کی ہے، ہمیں نہ تو اطلاع دی گئی اور نہ ہی ہمارے پاس اس کی کوئی تفصیلات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خفیہ اداروں نے بروقت کارروائی کر کے شہر کو بہت بڑی تباہی سے بچا لیا۔ انہوں نے کہا کہ جلوس کی سکیورٹی کے لئے ہم نے بھی اضافی نفری طلب کر رکھی تھی اور پورے شہر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات تھے۔ اگر دہشتگرد واردات کی نیت سے آتے تو پولیس انہیں لازمی گرفتار کر لیتی۔ 
دوسری جانب مجلس وحدت مسلمین گڑھ مہاراجہ کے سیکرٹری جنرل رانا محمد ارشاد نے ’’اسلام ٹائمز‘‘ کو بتایا کہ ہمارے اسکاؤٹس سکیورٹی کے لئے تیار تھے، ہم انتظامیہ اور خفیہ اداروں کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے گڑھ مہاراجہ کو تباہی سے بچا لیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر خدانخواستہ شہر میں یہ واقعہ ہو جاتا تو پھر ہم نے شہر میں امن کی ضمانت نہیں دینا تھی، یہ شہر ہمارا ہے اور ہمیں اس کا امن عزیز ہے، لیکن اگر کوئی اوچھی حرکت کی گئی تو مجرموں کو اسکا عبرتناک انجام دیکھنا پڑے گا۔ 
خبر کا کوڈ : 128581
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

Pakistan
mashallah,gud work brother
ہماری پیشکش