0
Monday 30 Jan 2012 00:54

نیٹو سپلائی لائن بحال کی گئی تو پارلیمنٹ کا گھیراؤ کریں گے، دفاع پاکستان کونسل

نیٹو سپلائی لائن بحال کی گئی تو پارلیمنٹ کا گھیراؤ کریں گے، دفاع پاکستان کونسل
اسلام ٹائمز۔ دفاع پاکستان کونسل کے زہر اہتمام  ملتان کے سپورٹس گراؤنڈ میں منعقد ہونے والی دفاع پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمارا وطن ہی نہیں اسلام کا گہوارہ ہے جس کی حفاظت تمام پاکستانیوں پر فرض ہے، حکمران امریکی ڈکٹیشن کے بجائے آئین کی پاسداری کریں، جمہوریت کی بقا اور ملکی خود مختاری کے لیے قوم کو گھروں سے باہر نکلنا ہو گا، ملک میں حکمرانوں کے لیے کوئی قانون نہیں لیکن غریب قانون کے شکنجے میں پھنس جاتا ہے، امریکہ نے تمام اداروں میں اپنے پنجے گاڑ لیے ہیں اور حکمرانوں کے ساتھ ساتھ مقتدر ادارے بھی امریکہ کے زیر اثر ہیں، جنرل کیانی ایمان، تقویٰ اور جہاد کی طرف پلٹ آئیں، پانی سر سے گزر چکا ہے اب قوم مزید لاشیں اٹھانے کے لیے تیار نہیں۔

مقررین کا کہنا تھا کہ مہران بیس اور جی ایچ کیو پر حملے امریکہ نے کیے اور بلوچستان سمیت ملک کے حالات خراب کرنے میں سی آئی اے، موساد اور بھارتی تخریب کار ایجنسی را ملوث ہے، نیٹو اور امریکی سپلائی بحال کی گئی تو لاکھوں محب وطن پاکستانی پارلیمنٹ کا گھیرائو کریں گے اور امریکی حواریوں کو کہیں جائے پناہ نہیں ملے گی، سید منور حسن نے کہا کہ پاکستان ہمارا وطن ہی نہیں اسلام کا گہوارہ اور قلعہ ہے جس کی حفاظت کے لیے کروڑوں عوام سر سے کفن باندھ کر اور جان ہتھیلی پر لے کر نکلیں گے اور جب جذبہ جہاد اور شوق شہادت سے سرشار قوم بڑی کشمکش مول لے گی تو امریکی حواریوں کو کہیں پناہ نہیں مل سکے گی، انہوں نے کہا کہ ہمیں اندھیروں میں دھکیلنے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہو سکتی، ہم اندھیروں کا مقابلہ روشنی سے کریں گے، انہوں نے کہا کہ امریکہ نے پاکستان کو چراگاہ بنا رکھا ہے اور بلوچستان میں صف ماتم بچھا دی ہے۔

حافظ محمد سعید کا کہنا تھا کہ امریکہ بلوچستان میں وہاں کے حالات خراب اور پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کے لیے ڈالر تقسیم کر رہا ہے، انہوں نے کہا کہ امریکی بالادستی پر مبنی پالیسی ختم کر کے آزاد خارجہ پالیسی نہ بنائی گئی تو یہ ملک سے غداری ہو گی، بھارت کو پسندیدہ ملک قرار دینا ہزاروں کشمیریوں کے خون کے ساتھ غداری ہوگی، انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی اور خود مختاری کو دائو پر لگا دیا گیا ہے، ہم نے بار ہا کہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف نام نہاد جنگ ہماری جنگ نہیں، امریکہ نے یہ جنگ ہم پر مسلط کی ہے لیکن حکمرانوں نے قومی امنگوں کے برخلاف اس جنگ میں کود کر پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔

دفاع پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دیگر مقررین کا کہنا تھا کہ یہ ایک تاریخی اجتماع ہے اللہ کے نام پرچموں کو بلند کرتے ہوئے عشق مصطفی کی شمع کو روشن کرتے ہوئے اللہ کی کبریائی کا اعلان کر دیا گیا ہے، ہم اس ملک کو مدینہ کی طرز کی ریاست بنائیں گے اور یہاں پر صرف اللہ اور اس کے رسول ص کا نظام چلے گا، کسی اور نظام کی اس ملک میں کوئی گنجائش نہیں، ناعاقبت اندیش جرنیل پرویز مشرف نے ملک کے لاجسٹک وسائل اور فضائوں کو عالمی بدمعاش امریکہ کے حوالے کیا، پوری قوم اس وقت بھی اس بات پر یکسو تھی اور آج بھی یکسو ہے کہ نام نہاد دہشت گردی کے خلاف جنگ ہماری نہیں امریکہ کی جنگ ہے۔
پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کی کمیٹی جو پاکستانی قوم کی غیرت اور حمیت کا سودا کرنے کی کوششیں کر رہی ہے حکمران سمجھ لیں کہ اب عوام ان کے غلامانہ روش کو اور سوچ و عزائم کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے، نیٹو سپلائی بحال کرنے کی کوشش کی گئی تو اس کا راستہ روکا جائے گا، امریکہ کی کسی صورت سپلائی بحال نہیں ہونے دیں گے جب بھی حکمران اس سلسلے میں کوئی بھی قرار داد پارلیمنٹ میں لائیں گے تو پارلیمنٹ کا گھیرائو کیا جائے گا۔

 مقررین نے کہا کہ عوام اپنا کردار ادا کرے کیلئے اُٹھ کھڑے ہوں اپنے اپنے علاقوں میں جا کر ارکان پارلیمنٹ سے ملاقاتیں کریں اور انہیں باور کرا دیں کہ اگر انہوں نے امریکی غلامی و نیٹو سپلائی کی بحالی کی قرار داد کی حمایت کی تو وہ اپنے علاقوں میں داخل نہیں ہوسکیں گے۔

کانفرنس کا انعقاد مولانا سمیع الحق کی قیادت میں کیا گیا، دفاع پاکستان کانفرنس سے جماعة الدعوہ کے امیر حافظ محمد سعید، مولانا سمیع الحق، جنرل(ر) حمید گل، مولانا محمد احمد لدھیانوی، شیخ رشید احمد، اعجاز الحق، چودھری عزیر لطیف، ڈاکٹر وسیم اختر، حافظ عبدالرحمٰن مکی، مسعود الرحمٰن عثمانی، مولانا فضل الرحمٰن خلیل، مولانا الیاس چنیوٹی اور عبد اللہ گل سمیت دیگر رہنمائوں نے بھی خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 134050
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش