0
Thursday 2 Feb 2012 00:48

دفاع پاکستان کونسل کے نام پر کالعدم تنظیموں کو جلسوں کی اجازت نہ دی جائے، وزیراعظم

دفاع پاکستان کونسل کے نام پر کالعدم تنظیموں کو جلسوں کی اجازت نہ دی جائے، وزیراعظم
اسلام ٹائمز۔ اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس میں دفاع پاکستان کونسل کے جلسوں میں کالعدم تنظیموں کی شرکت پر پنجاب حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا، رحمن ملک نے انکشاف کیا کہ ان کے پنجاب حکومت کو لکھے گئے خط کو کوئی اہمیت نہیں دی گئی تھی۔ کابینہ کے بدھ کے روز ہونے والے اجلاس میں اس وقت ایک شدید بحث چھڑ گئی جب وفاقی وزیر شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ پنجاب حکومت کالعدم تنظمیوں کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔ دفاع پاکستان کونسل کے لاہور اور راولپنڈی میں جلسوں میں کالعدم تنظیموں کے سرکردہ رہنماؤں اور کارکنوں کو پیش پیش دیکھا گیا ہے۔ شیخ وقاص کا کہنا تھا کہ ان کالعدم تنظیموں کا سیاسی رنگ لے کر دوبارہ سامنے آنا خطرناک رحجان ہے اور اس سلسلے میں پاکستان کے لیے عالمی سطح پر بہت مسئلے کھڑے ہو سکتے ہیں۔ اس پر رحمن ملک نے انکشاف کیا کہ وہ پہلے ہی پنجاب حکومت کو اس بارے میں خط لکھ چکے ہیں جس کا پنجاب حکومت نے جواب دینا مناسب نہیں سمجھا۔ رحمن ملک کا کہنا تھا کہ شیڈول چھ کے تحت ان کالعدم تنظمیوں کے خلاف کارروائی کی جاسکتی ہے۔
 
وزیراعظم گیلانی نے اس موقع پر کہا کہ دوبارہ پنجاب سمیت تمام صوبوں کو خط لکھا جائے کہ کالعدم تنظمیوں کو سیاسی جلسے جلوسوں کی کسی بھی پلیٹ فورم سے اجازت نہ دی جائے۔ کابینہ کے ارکان نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ وفاقی حکومت اس پر کیوں خاموش ہے۔ کابینہ کے اجلاس میں ہی براہمداغ بگٹی کے بہن اور بھانجی کو کراچی میں قتل کیے جانے کے واقعے پر بھی شدید ردعمل دیکھنے میں آیا۔ ثناءاللہ زہری نے الزام لگایا کہ دراصل اکبر بگٹی کے خاندان کی ان دو خواتین کو ایجنسیوں نے قتل کرایا ہے، تاہم انہوں نے کہا کہ اس بات کی تحقیق ہونی چاہیے کہ یہ قتل پاکستانی ایجنسیوں نے کرائے ہیں یا پھر اس میں کوئی غیرملکی ایجنسی ملوث ہے۔ اس پر رحمن ملک نے کہا کہ انہوں نے ایک تحقیقاتی ٹیم بنا دی ہے جو سات روز کے اندر بگٹی خاندان کی خواتین کے قتل کر رپورٹ انہیں پیش کرے گی۔ وزیراعظم گیلانی نے رحمن ملک سے کہا کہ کراچی کے حالات ایک دفعہ پھر خراب ہونا شروع ہو گئے ہیں اور وہ اس پر توجہ دیں۔ وزیراعظم گیلانی کا کہنا تھا کہ کراچی میں پرانا کھیل پھر شروع ہو گیا ہے۔ 
خبر کا کوڈ : 134840
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش