0
Saturday 4 Feb 2012 19:11

آئی ایس او پاکستان امام خمینی (رہ) کے فرمان پر ہفتہ وحدت منائے گی

آئی ایس او پاکستان امام خمینی (رہ) کے فرمان پر ہفتہ وحدت منائے گی
اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان امام خمینی (رہ) کے فرمان پر ملک بھر میں 12 تا 17 ربیع الاول ہفتہ وحدت منائے گی، اس حوالے سے مختلف تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا، جس میں شیعہ سنی علماء کو دعوت دی جائے گی جو وحدت اسلامی کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔ آئی ایس او پاکستان کے مرکزی ترجمان سلمان عابد کے مطابق پاکستان بھر میں قائم آئی ایس او کے تمام یونٹس کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، جن کے مطابق ہر شہر میں امت مسلمہ کی وحدت کے لئے خصوصی تقاریب کا اہتمام کیا جائے گا۔

سلمان عابد نے مزید کہا کہ آئی ایس او نے تعلیمی اداروں میں طلبہ کی فکری تربیت کا بیڑا اٹھا رکھا ہے اور اس پرآشوب دور میں جب استعمار اپنے تمام تر وسائل کے ساتھ نوجوان نسل کو گمراہ کرنے کے لئے کوشاں ہے، وہاں آئی ایس او پاکستان کے صالح نوجوانوں کا کردار لائق تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایس او جہاں طلبہ کی ذہنی و فکری تربیت کرتی ہے وہاں اتحاد امت کے لئے آئی ایس او کی خدمات کافی زیادہ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس حوالے سے ایک خصوصی محفل میلاد کا اہتمام کیا جائے گا، جہاں بارگاہ رسالت ص میں ہدیہ تبریک پیش کرنے کے ساتھ ساتھ شیعہ و سنی علماء اتحاد کے حوالے سے اظہار خیال کریں گے۔

سلمان عابد نے مزید کہا کہ امام خمینی (رہ) کا یہ قول پوری امت کے لئے مشعل راہ ہے، جس میں انہوں نے فرمایا تھا کہ ’’اے مسلمانوں تم نماز میں ہاتھ کھولنے اور باندھنے کے جھگڑوں میں مصروف ہو اور دشمن تمھارے ہاتھ کاٹنے کے درپے ہے‘‘۔ سلمان عابد نے کہا کہ امام خمینی (رہ) نے ہر موقع پر اتحاد امت کی بات کی ہے اور آج اگر امت مسلمہ زوال کا شکار ہے تو اس کی وجہ ہمارے باہمی جھگڑے اور تفرقہ بازی ہے، جو دشمن کی جانب سے ایک منظم سازش کے تحت پھیلائی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج رسول عربی (ص) کے یوم ولادت کے موقع پر تمام شیعہ سنی مسلمانوں کو یہ سوچنا چاہیے کہ ہم ایک رسول (ص) کی امت ہیں، ایک کتاب (قرآن) کے ماننے والے ہیں اور ایک ہی ہمارا قبلہ ہے جس کی جانب ہم سب منہ کر کے نماز ادا کرتے ہیں، ایسی صورت میں ہمیں باہمی اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایس او تمام تعلیمی اداروں میں بھی اتحاد امت کی مناسبت سے تقاریب کا اہتمام کرئے گی، جس میں اساتذہ کو خصوصی طور پر مدعو کیا جائے گا جو اتحاد امت کے حوالے سے لیکچرز دیں گے۔
خبر کا کوڈ : 135397
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش