0
Wednesday 15 Feb 2012 22:19

سوئس عدالتوں کو خط نہ لکھنے کا فیصلہ پارٹی کا ہے، گیلانی

سوئس عدالتوں کو خط نہ لکھنے کا فیصلہ پارٹی کا ہے، گیلانی
اسلام ٹائمز۔ وزیر اعظم ہاؤس میں اخبارات کے مدیران سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم گیلانی کا کہنا تھا کہ صدر پارلیمنٹ کا حصہ ہیں جب وہ صدر کے امیدوار بنے تو کسی نے اعتراض نہیں کیا۔ سوئس عدالتوں کو خط لکھنے کے حوالے سے سوال پر وزیر اعظم نے کہا کہ میں نے کبھی نہیں کہا کہ خط نہیں لکھوں گا یہ فیصلہ تو پارٹی نے کیا کہ خط نہیں لکھا جائے گا۔ سپریم کورٹ سے سزا کی صورت میں وزیر اعظم نے کہا کہ وہ اسمبلی کی سیٹ بھی کھو بیٹھیں گے تو وزیر اعظم رہنے کی بات ہی ختم ہو جائے گی۔ بلوچستان کی صورتحال پر وزیر اعظم نے کہا جلد کل جماعتی کانفرنس بلائی جائے گی اور وہ خود تمام جماعتوں کے راہنماؤں سے رابطہ کریں گے۔ قبل از وقت انتخابات کے حوالے سے سوال پر وزیر اعظم نے کہا کہ قبل از وقت انتخابات ہو سکتے ہیں تاہم فی الحال اسمبلیاں توڑ کر انتخابات کرانے کا کوئی ارادہ نہیں۔

ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی کے حوالے سے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ڈی جی آئی ایس آئی کا فیصلہ انہوں نے کرنا ہے امریکا نے نہیں تاہم انہوں نے ڈی جی آئی ایس آئی کیلئے ناموں پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔

دیگر ذرائع کے مطابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ سوئس مقدمات پر وہ نہیں، پارٹی کہتی ہے کہ خط نہ لکھا جائے۔ بلوچستان کے مسئلے پر اے پی سی بلانے کا سوچ رہے ہیں۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بھارت کو پسندیدہ ملک کے بجائے کوئی اور نام دے دیں۔ پارلیمنٹ میں موجود تمام جماعتوں نے جمہوریت کی مضبوطی کے لیے اپنا کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی قوتوں نے 20 ویں آئینی ترمیم میں تاریخ ساز کام سرانجام دیا۔ بیسویں آئینی ترمیم شفاف انتخابات کی ضامن ہو گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ پارلیمنٹ کے استحکام کے لیے کام کیا اور آئندہ بھی وہی کام کروں گا جس کی آئین اجازت دے گا۔ عدالت اگر وزیراعظم کو طلب کر سکتی ہے تو بدعنوانوں کو بھی طلب کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے میڈیا کوآرڈینیٹر خرم رسول کے خلاف شکایت کنندہ بھی وہ خود ہی تھے اور انہوں نے ہی اس کو برطرف کیا۔ وزیراعظم گیلانی کا کہنا تھا کہ ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری پر کوئی بات نہیں کروں گا۔
خبر کا کوڈ : 138082
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش