1
0
Monday 20 Feb 2012 02:19

کالعدم جماعتیں ملک کی سالمیت کیلئے خطرہ ہیں، ثروت اعجاز قادری

کالعدم جماعتیں ملک کی سالمیت کیلئے خطرہ ہیں، ثروت اعجاز قادری
اسلام ٹائمز۔ سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ پرانے شکاری نئے جال بچھا کر عوام کو ایک بار پھر بیوقوف بنانے کی کوششوں میں مصروف ہیں جس میں اب وہ کسی صورت کامیاب نہیں ہوسکتے، امریکہ کے خلاف نعرہ لگانے والے ہی امریکی پالیسیوں کو عملی جامہ پہنانے اور ملک کی سلامتی و خودمختاری کو نقصان پہنچانے کا سبب ہیں، کالعدم جماعتیں پورے زور و شور کے ساتھ کام کررہی ہیں اور حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائشگاہ قادری ہاؤس پر علمائے کرام کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ بیرونی پالیسیوں کی وجہ سے مظلوم غریب عوام کو مہنگائی کا طوق پہنا دیا گیا ہے، ہر طرف ظلم و ناانصافیاں عام ہیں، غریبوں کا کوئی پرسان حال نہیں ہے، حکمران اور فرینڈلی اپوزیشن ذاتی مفادات کیلئے ایک دوسرے سے ملتے ہیں اور ایک ہو جاتے ہیں مگر عوام کے مسائل کے حل کیلئے نہ تو ملتے ہیں اور نہ ہی ایک ہوتے ہیں جو لمحہ فکر اور عوام کے ووٹوں کا مذاق اڑانے کے مترادف عمل ہے۔ کروڑوں ڈالر قرض لینے کے باوجود آج بھی مظلوم عوام سسکیاں لے لے کر جی رہی ہے۔

سربراہ پاکستان سنی تحریک نے کہا کہ سرمایہ دارانہ، جاگیردارانہ سوچ رکھنے والے عوام بالخصوص نیو جنریشن کو تعلیم اور سیاسی شعور سے دور رکھ کر انہیں اپنے مفادات کیلئے استعمال کر رہے ہیں کیونکہ وہ جانتے ہیں جس دن عوام میں تعلیم اور سیاسی شعور اجاگر ہوگیا تو ایسا انقلاب آئے گا کہ وڈیرہ شاہی سوچ رکھنے والوں کا بوریا بستر ہمیشہ کیلئے گول ہوجائے گا اور عوام کو پیسنے اور ملک کی دولت لوٹنے والوں کو ملک سے بھاگنے کا موقع نہیں ملے گا اور انہیں عوام کی عدالت میں حساب دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر طرح سے ذرخیز ملک ہے اور آبی ذخائر سے لیکر قدرتی وسائل سے مالا مال ہے اس کے باوجود ملک کو نہ مٹنے والے بحران کا شکار بنا دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کالعدم جماعتیں ملک کی سالمیت کیلئے خطرہ ہیں کیونکہ یہ نام اسلام کا لیتے ہیں اور کام اسلام میں بگاڑ اور امریکہ کے مفادات کیلئے کرتے ہیں، جس کی مثال قبائلی علاقوں میں اسلحہ کے زور پر اپنا بناؤٹی نام نہاد اسلامی نظام مسلط کرنے کی ناپاک کوشش کی اور مزارات، مساجد، بازاروں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے دفاتر کو بم دھماکوں کا نشانہ بنایا، ہزاروں بیگناہ عوام کی جان و مال کو نقصان پہچانے والے کس طرح ملک کے خیر خواہ ہوسکتے ہیں۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ بلوچستان کے حالات کو مزید گھمبیر بنانے کیلئے امریکہ نت نئے فارمولے استعمال کررہا ہے، حکمرانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ بیرونی مداخلت کے خلاف آواز اٹھانے کے ساتھ بلوچستان کے عوام کے مسائل کو حل کرے تاکہ ان میں پائی جانیوالی احساس محرومی کا خاتمہ ہو۔
خبر کا کوڈ : 139181
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

United Kingdom
Very Well said QAdri Sb
منتخب
ہماری پیشکش