0
Thursday 29 Oct 2009 12:09

پاکستان دہشت گردی کا ڈھانچہ ختم کرے،کشمیر پر مذاکرات کرینگے،بھارتی وزیراعظم

پاکستان دہشت گردی کا ڈھانچہ ختم کرے،کشمیر پر مذاکرات کرینگے،بھارتی وزیراعظم
سرینگر،کراچی:بھارتی وزیراعظم منموہن سنگھ نے کہا ہے کہ ہم پاکستان کے ساتھ کشمیر سمیت تمام معاملات پر بات چیت کے لئے تیار ہیں۔تاہم اس سلسلے میں پاکستان کو اپنی سرزمین پر موجود دہشتگردی کا ڈھانچہ ختم کرنا ہوگا،پاکستان بھارت کی جانب سے بڑھائے گئے دوستی کے ہاتھ کو تھام کر دونوں ملکوں کے عوام پر احسان کرے۔مقبوضہ کشمیر کے دورہ کے موقع پر بدھ کو اننت ناگ میں ریلوے لائن کی افتتاحی تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے بھارتی وزیراعظم نے کہا کہ پڑوسی ملک دہشت گردی کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچائے،دہشت گردی کا اصل چہرہ پاکستانی عوام اپنی آنکھوں سے دیکھ رہے ہیں،ہم مقبوضہ کشمیر میں پائیدار امن چاہتے ہیں۔منموہن سنگھ نے کہا کہ وہ تمام معاملات پر پاکستان کے ساتھ دوستانہ تعلقات کے قیام کے خواہاں ہیں اور حقیقت میں 2007ء میں اس حوالے سے پیش رفت بھی سامنے آئی،جب کنٹرول لائن کے آر پار نئے راستے کھولے گئے۔ انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول کے اطراف روایتی راستوں کو بحال کرنے کی کوششوں کو مزید بہتر بنایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی سرزمین سے بھارت اور ریاست جموں و کشمیر میں دہشت گردی کی کارروائیاں کرنے والی عسکری تنظیموں کو روکے۔ انہوں نے پاکستانی عوام اور حکومت سے درخواست
کی کہ وہ سچائی اور نیک ارادوں کے ساتھ بھارت کا ساتھ دے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت پاکستان کے احسن اقدامات کا جواب مثبت انداز میں دے گا۔دریں اثناء نمائندہ جنگ کے مطابق بھارتی وزیراعظم نے کہا کہ ہم پاکستان سے تعلقات خراب نہیں کرنا چاہتے،ہماری حکومت کشمیر میں ترقیاتی منصوبوں پر کام کرتی رہے گی۔
دہشتگردی اور مذاکرات ایک ساتھ نہیں چل سکتے،من موہن سنگھ
سری نگر:بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ نے کہا ہے کہ بھارت بلوچستان میں دہشت گردی اور طالبان کی مدد نہیں کر رہا۔پاکستان کو دہشت گرد گروپوں کےخلاف کارروائی کرنی ہوگی،دہشتگردی اور مذاکرات ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔سری نگر میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ نے کہاکہ خطے میں امن کے لئے پاکستان کو دہشت گرد گروپوں کے خلاف لازمی کارروائی کرنا ہو گی۔ بھارتی وزیراعظم نے کہا کہ بھارت ممبئی حملوں سے متعلق پاکستان کی تحقیقات سے مطمئن نہیں۔انھوں نے تمام کشمیری گروپوں کو مذاکرات کی دعوت دی۔اور کہا کہ کشمیر میں امن کے نئے دور کا آغاز ہو رہا ہے۔ وزیراعظم من موہن سنگھ نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی تسلط سے آزادی حاصل کرنے کے لئے لڑنے والے مسلح گروپوں سے اپیل کی کہ وہ مسلح جدوجہد کے بجائے مذاکرات کا راستہ اپنائیں۔


خبر کا کوڈ : 14069
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش