0
Friday 2 Mar 2012 23:35

ہندوستان کی سرحدیں کھلنے پر اپوزیشن کی خاموش ظاہر کرتی ہے کہ وہ بھی اس جرم میں شریک ہے، لیاقت بلوچ

ہندوستان کی سرحدیں کھلنے پر اپوزیشن کی خاموش ظاہر کرتی ہے کہ وہ بھی اس جرم میں شریک ہے، لیاقت بلوچ
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے امریکی دباؤ پر بھارت کے ساتھ تجارت کے لیے سرحدیں کھول دینے اور اسے پسندیدہ ترین ملک قرار دینے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس فیصلے کو پاکستانی مفادات اور ملکی انڈسٹری پر کلہاڑا چلانے کے مترادف قرار دیا ہے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ اس وقت بھارت پاکستان کو غیر مستحکم کرنے اور اسے صحرا میں تبدیل کرنے کے لیے تیزی سے اقدامات کر رہا ہے۔ کشمیر سے آنے والے پاکستانی دریاؤں پر بھارت 60 سے زائد بند باندھ چکا ہے اور مزید بند باندھنے کا منصوبہ ہے جبکہ بھارتی سپریم کورٹ نے بھارتی حکومت کو دریاؤں کو آپس میں ملانے اور ان کا پانی بھارت میں استعمال کرنے کا حکم دیا ہے۔ بھارت کی یہ کھلم کھلا آبی دہشتگردی ہے۔ حکومت پاکستان بھارت کی اس زیادتی پر احتجاج اور دنیا بھر میں واویلا کرنے کے بجائے اپنے مفادات بھارت کے ہاتھ بیچ رہی ہے، اس اقدام سے ملک پر بدترین اثرات مرتب ہوں گے۔

لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی طرف سے منفی فہرست سامنے لانے اور تجارت کھولنے پر بھارت کی صنعتی و تجارتی تنظیمیں شادیانے بجا رہی ہیں جبکہ پاکستان کی آٹو انڈسٹری، سرامکس انڈسٹری، فارما سیوٹیکل انڈسٹری سمیت کئی صنعتوں کے مالکان کے گھروں میں صف ماتم بچھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے آپ کو اپوزیشن لیڈر کہلوانے والے میاں برادران نے بھی اس انتہائی اقدام پر چپ سادھ رکھی ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان کی خاموش رضا مندی بھی حکومت کو حاصل ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکمرانوں نے یہ فیصلہ کر کے کشمیر کاز کو زبردست نقصان ہی نہیں پہنچایا، پاکستان کو ڈبو دیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 142375
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش