0
Friday 2 Mar 2012 03:17

بلوچستان کا مسئلہ فوجی نہیں سیاسی بنیادوں پر حل کیا جائے، سید منور حسن

بلوچستان کا مسئلہ فوجی نہیں سیاسی بنیادوں پر حل کیا جائے، سید منور حسن
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے کہا ہے کہ بلوچستان کا مسئلہ سیاسی ہے اسے سیاسی بنیادوں ہی پر حل کرنے کی ضرورت ہے، طاقت کا استعمال مسائل کا حل نہیں، پیکج کے نام پر بلوچستان کی عوام کو دھوکا دیا جارہا ہے، جماعت اسلامی بلوچستان کے بحران کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے الخدمت ویلفیئر سوسائٹی کراچی کے تحت مستحقین بلوچستان کے لیے 2 ٹرکوں پر مشتمل امدادی اشیاء کی پہلی کھیپ کی روانگی کے موقع پر ادارہ نور حق میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی کراچی محمد حسین محنتی، جماعت اسلامی کراچی کے سیکرٹری نسیم احمد صدیقی، نائب امیر ڈاکٹر واسع شاکر، امیر جماعت اسلامی ضلع جنوبی راجا عارف سلطان، الخدمت کے قاسم رشید اور دیگر بھی موجود تھے، روانہ کیے جانے والے امدادی سامان میں غذائی اجناس، لحاف، گرم کپڑے اور دیگر اشیائے ضرورت شامل ہیں۔

سید منور حسن نے مزید کہا کہ بلوچستان کے بحران کے حل کے لیے حکومت کو جو کرنا ہے وہ نہیں کر رہی ہے، پیکج کے ذریعے بلوچوں کو راضی نہیں کیا جاسکتا، ضرورت اس امر کی ہے کہ بلوچستان کے وسائل وہاں کی عوام کی بہبود کے لیے استعمال کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو جو کام کرنا چاہیے تھا وہ نہیں کیا، پرائیویٹ سیکٹر میں یہی کام ہوسکتا ہے کہ مظلوم بلوچ عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا جائے اور ان کے مسائل اور مشکلات کو حل کرنے کی کوشش کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت اپنے تئیں بڑے پیمانے پر رفاہی اور فلاحی سرگرمیاں کر رہی ہے، ہم بے سہاروں کو سہارا فراہم کرتے رہیں گے۔
خبر کا کوڈ : 142188
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش