0
Sunday 4 Mar 2012 15:55

ڈاکٹر محمد علی نقوی ولی اللہ تھے، انکا مشن جاری رکھنا ملت کی سربلندی ہے، علامہ شبیر بخاری

ڈاکٹر محمد علی نقوی ولی اللہ تھے، انکا مشن جاری رکھنا ملت کی سربلندی ہے، علامہ شبیر بخاری
اسلام ٹائمز۔ علاقہ نواب صاحب رائے ونڈ روڈ لاہور میں آئی ایس او کے سابق مرکزی صدر علامہ شبیر بخاری نے امامیہ اسکاوٹس کے دستے کے ساتھ شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ شہید ڈاکٹر کے مزار پر امامیہ اسکاوٹس کی سلامی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی ایس او کے سابق مرکزی صدر علامہ شبیر بخاری نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ڈاکٹر محمد علی نقوی کے مشن کو جاری رکھیں۔ یہی ملت کے تحفظ اور سربلندی کا راستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر محمد علی نقوی ایک ولی اللہ تھے۔ جن کی نیکیاں لوگوں میں ان کی زندگی میں کم مشہور تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شاید کسی کو معلوم نہ تھا کہ ڈاکٹر شہید نماز شب پڑھتے تھے، مستحق طلبا، غریبوں اور یتیموں کی مالی مدد بھی کیا کرتے تھے۔ لیکن 1988ء کے انتخابات کے دوران شہید کے ایک مخالف مولانا صاحب نے ذکر کیا کہ وہ ڈاکٹر محمد علی نقوی کے تقویٰ و پرہیز گاری سے متاثر ہوئے ہیں، کیونکہ پہلے وہ انہیں صرف تنظیمی رہنما سمجھتے تھے۔

علامہ شبیر بخاری نے کہا کہ ڈاکٹر محمد علی اپنے پیشے میں بھی اپنی مثال آپ تھے۔ انہوں نے اپنے اوقات کار کو ایسے مرتب کیا کہ کسی کو ان سے شکایت نہ تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں شہید کے افکار کو پھیلانے کی ضرورت ہے۔ اپنے زمانہ طالب علمی کا حوالہ دیتے ہوئے علامہ شبیر بخاری نے کہا کہ شہید ڈاکٹر قم میں زیرتعلیم طلبا کی بھی رہنمائی کیا کرتے تھے۔ سابق مرکزی صدر آئی ایس او نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنے کاموں میں خوف خدا اور قرب الٰہی کو جگہ دیں اور ملی امور میں بھی مدنظر خوشنودی خدا ہی ہونی چاہیے۔
خبر کا کوڈ : 142808
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش