0
Saturday 10 Mar 2012 14:28

اورکزئی ایجنسی، فورسز کیساتھ جھڑپ میں 7 عسکریت پسند ہلاک، امن لشکر کے سربراہ قتل

اورکزئی ایجنسی، فورسز کیساتھ جھڑپ میں 7 عسکریت پسند ہلاک، امن لشکر کے سربراہ قتل
اسلام ٹائمز۔ اپر اورکزئی ایجنسی کے علاقہ ڈبوری علی خیل میں فورسزکی کارروائی کے دوران ایک اہم کمانڈر سمیت 7 عسکریت پسند ہلاک ہوگئے، ذرائع کے مطابق سیکورٹی فورسز کی علاقہ علی خیل میں دہشتگردوں کے ساتھ جھڑپ ہوئی، جسکے نتیجے میں اہم دہشتگرد کمانڈر گل ولی خان اپنے چھ ساتھیوں سمیت ہلاک ہوگیا، فورسز نے جھڑپ کے بعد سرچ آپریشن میں بھاری مقدار میں اسلحہ بارود قبضہ میں لے لیا۔ دوسری جانب ذرائع کے مطابق لوئر اورکزئی ایجنسی کے علاقہ فیروزخیل میلہ میں دہشتگرد نے فائرنگ کرکے اورکزئی امن لشکر کے سربراہ ملک وارث خان کو قتل کردیا، اور بعدازاں گرفتاری کے خوف سے خود کو دھماکہ خیز مواد سے اڑادیا، ملک وارث خان کو اورکزئی ایجنسی میں امن وامان کے قیام کی کوششوں کے صلے میں صدر مملکت نے نشان امتیاز سے بھی نوازا تھا۔

پولیٹکل انتظامیہ کے مطابق اورکزئی ایجنسی کے ممتاز ملک، ملک وارث خان قوم ستوری خیل ساکن لوئر اورکزئی ایجنسی کو دہشتگرد نے اس وقت قتل کیا جب وہ لوئر اورکزئی ایجنسی کے علاقہ فیروزخیل اور بیزوٹ کے مشترکہ میلہ میں خریدو فروخت میں مصروف تھے، ملک وارث کے قتل کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقہ کو گھیرے میں لے لیا، جبکہ قاتل دہشتگرد نے جب خود کو فورسز کے گھیرے میں دیکھا تو اس نے اپنے آپ کو ہینڈ گرنیڈ سے اڑادیا، ملک وارث خان کو آبائی گائوں ستوری خیل میں سپردخاک کردیا گیا، یاد رہے کہ دہشتگردوں نے پہلے ہی ملک وارث خان کے چار چچازاد بھائیوں کو قتل کر دیا تھا، ملک وارث کوہاٹ میں عارضی رہائش پذیرتھے تاہم حالات ٹھیک ہونے کے بعد موت انہیں اورکزئی ایجنسی لے آئی۔
خبر کا کوڈ : 144404
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش