0
Friday 23 Mar 2012 19:19

پوری قوم دہشتگردی اور فرقہ واریت میں ملوث عناصر کو شکست دینے کا عہد کرے، علامہ رمضان توقیر

پوری قوم دہشتگردی اور فرقہ واریت میں ملوث عناصر کو شکست دینے کا عہد کرے، علامہ رمضان توقیر
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل خیبر پختونخوا کے سربراہ اور سابق مشیر وزیراعلٰی علامہ محمد رمضان توقیر نے کہا ہے کہ یوم پاکستان کے موقع پر قوم کو یہ عہد کرنا ہو گا کہ مادر وطن کی حفاظت اور اسکے استحکام کی خاطر دہشتگردی، فرقہ واریت اور ملکی عدم استحکام میں ملوث عناصر کو شکست دینے کیلئے ہر سطح پر ہر ممکن کوشش کی جائے گی، 23 مارچ کی مناسبت سے شیعہ علماء کونسل کے صوبائی سیکرٹریٹ سے جاری ایک تہنیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے، جہاں مہنگائی، بے روزگاری، غربت، توانائی کی قلت اور معیشت کے حوالے سے مسائل ہیں وہیں سب سے اہم چیلنج دہشتگردی اور فرقہ واریت کی صورت میں ملک کی جڑیں کھوکھلی کر رہا ہے، ان کا کہنا تھا کہ دیگر مکاتب فکر کی طرح مکتب تشیع جس کا خون وطن عزیز کے قیام میں شامل ہے، آج انتہائی کٹھن حالات سے دوچار ہے، اور کراچی سے خیبر اور پارا چنار سے کوئٹہ تک ایک سوچی سمجھے سازش کے تحت ٹارگٹ کلنگ اور دہشتگردی کے ذریعے مکتب تشیع کے پیروکاروں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ آج صورتحال یہ ہے کہ حکمران قرارداد پاکستان کے تحت ملک کو چلانے میں ناکام نظر آ رہے ہیں، لوگوں کے جان و مال اور عزت و آبرو کسی طور پر بھی محفوظ نہیں، تاہم دہشتگرد ریاستی رٹ کو چیلنج کرتے پھر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ جس طرح دیگر مکاتب فکر کی طرح تشیع نے بھی پاکستان بنایا تھا آج اسی طرح اس وطن عزیز کو بچانے کیلئے بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔ تاہم ریاست کو اپنی ذمہ داریاں ادا کرنا ہوں گی اور پوری پاکستانی قوم کو آج کے اس اہم دن کے موقع پر یہ عہد کرنا ہو گا کہ ملک سے دہشتگردی اور فرقہ واوریت کے خاتمہ میں ایک دوسرے کا دست بازو بنتے ہوئے متحد ہو کر ثابت کر دیا جائے کہ وہی اس ملک کے وارث ہیں اور یہ ملک تا قیامت قائم رہنے کیلئے بنا ہے۔
خبر کا کوڈ : 147713
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش