0
Thursday 29 Mar 2012 17:08

پاکستان جلد نیٹو سپلائی روٹس کھول دیگا، پاک امریکہ تعلقات کی بحالی چاہتے ہیں، جنرل ڈیمپسی

پاکستان جلد نیٹو سپلائی روٹس کھول دیگا، پاک امریکہ تعلقات کی بحالی چاہتے ہیں، جنرل ڈیمپسی
اسلام ٹائمز۔ امریکی چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل مارٹن ڈیمپسی نے کہا ہے کہ ہم پاک امریکہ تعلقات کے درمیان اعتماد کی بحالی اور فوجی تعلقات کی تجدید چاہتے ہیں۔ سلالہ چیک پوسٹ پر حملے کے بعد پاکستانی آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی سے پانچ مرتبہ بات چیت ہوئی۔ کولمبیا سے برازیل جاتے ہوئے طیارے میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران جنرل ڈیمپسی نے انکشاف کیا کہ سلالہ چیک پوسٹ پر حملے کے بعد فوجی سطح پر رابطوں کا سلسلہ بدستور جاری رہا اور ان کی پاکستان کے آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی سے کم از کم پانچ مرتبہ بات چیت ہوئی۔ ان کا کہنا تھا پاکستان امریکہ کے ساتھ فوجی سطح پر نئے سرے سے تعلقات چاہتا ہے اور امریکہ کی بھی یہی کوشش ہے کہ دونوں ممالک کی افواج کے درمیان بھروسہ اور اعتماد بحال ہو۔ 

جنرل ڈیمپسی نے کہا امریکہ زمینی راستے سے افغانستان میں نیٹو سپلائی اور سرحدی معاملات پر پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتا ہے جبکہ دونوں ممالک کی افواج کو اس معاملے پر بات چیت کرنی چاہیے کہ افغانستان اور پاکستان میں صورتحال بہتر بنانے کیلئے فاٹا میں کیا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقہ جات میں دہشتگردوں کی پناہ گاہیں نہ صرف پاکستانی حکومت بلکہ افغانستان کیلئے بھی خطرہ ہیں اور جب تک ان علاقوں میں مزید فوج تعینات نہیں ہو گی، یہاں کی صورتحال بدستور خراب رہے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی قیادت بھارت کو اپنے لئے بدستور خطرہ سمجھتی ہے اور اسی خطرے کے پیش نظر پاکستان نے اپنی زیادہ تر توجہ مشرقی سرحدوں پر مرکوز کر رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ پاکستان جلد نیٹو کے سپلائی روٹس کھول دے گا۔ 

واضح رہے کہ اسلام آباد میں امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ جنرل جیمز میٹس اور افغانستان میں اتحادی فوج کے سربراہ جنرل ایلن نے پاکستانی آرمی چیف سے اسلام آباد میں ملاقات کی تھی سلالہ چیک پوسٹ پر حملے کے بعد دونوں ممالک کے عسکری حکام کی یہ پہلی باضابطہ ملاقات تھی۔ ادھر اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے کے ترجمان نے اپنے بیان میں واضح کیا ہے کہ اسلام آباد میں سینٹکام کے سربراہ جنرل جیمز میٹس اور افغانستان میں ایساف کمانڈر جنرل ایلن کی جنرل کیانی سے ملاقات میں شدت پسندوں کے نیٹ ورک پر نظر رکھنے پر بات چیت کی گئی۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکی جنرل نے دہشتگردی کیخلاف پاک فوج کی قربانیوں کو سراہا، جنرل کیانی سے ملاقات میں کراس بارڈر تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 149003
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش