0
Thursday 12 Nov 2009 11:40

شدت پسند فوج کا مقابلہ نہیں کر سکتے اس لئے شہریوں کو نشانہ بنا رہے،عوامی حمایت سے دہشت گردی ختم کر دیں گے،آرمی چیف

شدت پسند فوج کا مقابلہ نہیں کر سکتے اس لئے شہریوں کو نشانہ بنا رہے،عوامی حمایت سے دہشت گردی ختم کر دیں گے،آرمی چیف
راولپنڈی:چیف آف آرمی سٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے واضح الفاظ میں معصوم شہریوں پر دہشت گردوں کے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کا شہریوں کو نشانہ بنانا ظالمانہ اور بزدلانہ فعل ہے لیکن دہشت گردی کے ایسے واقعات سے قوم کے حوصلے پست نہیں کئے جا سکتے۔دہشت گرد فوجی آپریشن کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت قطعاً نہیں رکھتے،اسی لئے وہ نہتے اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق گذشتہ روز جی ایچ کیو راولپنڈی میں 123 ویں کور کمانڈر کانفرنس میں پاک فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی نے اپنے ابتدائی کلمات میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات میں شہریوں کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا یہ دہشت گردوں کا انتہائی ظالمانہ اور مایوس کن فعل ہے جبکہ یہ دہشت گرد فوج کا سامنا نہیں کر سکتے،عوام انہیں شکست دینے کیلئے پرعزم ہیں،ان کے حوصلے پست نہیں ہوئے بلکہ ان واقعات کے نتیجے میں قوم کا عزم مزید پختہ ہوا ہے اور وہ دہشت گردی کی تمام اقسام کا خاتمہ کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔ آرمی چیف نے آپریشن راہ نجات اور راہ راست کے دوران جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے افسران اور جوانوں کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا جبکہ کانفرنس میں آپریشنل تیاریوں،پاک فوج کے پیشہ وارانہ امور پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ فوج کسی بھی چیلنج کا سامنا کرنے کیلئے پوری طرح تیار ہے اور آپریشن کامیابی کی طرف بڑھ رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق کور کمانڈر کانفرنس میں شرکاء نے آپریشن راہ نجات کے اب تک کے نتائج پر اطمینان کا اظہار کیا کانفرنس میں ڈی جی ملٹری آپریشنز کی طرف سے بتایا گیا کہ اس آپریشن میں اب تک پانچ سو سے زائد دہشت گرد مارے گئے۔جبکہ پاک فوج کے 45 سے زائد افسران اور جوانوں نے جام شہادت نوش کیا انہوں نے بتایا کہ آپریشن راہ نجات میں دہشت گردوں کے زیر کنٹرول 90 فیصد علاقے کو کلیئر کرا لیا گیا ہے جبکہ فضائیہ کی مدد سے شدت پسندوں کے خفیہ ٹھکانے ان کے اسلحہ ڈپو اور کمانڈ اینڈ کنٹرول نظام کو بھی تباہ کر دیا گیا ہے۔ اجلاس میں مشرقی و مغربی سرحدوں کی صورتحال کا جائزہ لینے سمیت افغان سرحد سے نیٹو کی چوکیاں ختم کرنے پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔ آئی این پی کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ دھماکے دہشت گردوں کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہیں۔ قوم کی حمایت سے دہشت گردی کی لعنت کو ہر سطح پر ختم کر دیا جائے گا۔ این این آئی کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں آپریشن راہ نجات و راہ راست کو حتمی کامیابی تک جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے۔ کانفرنس میں آپریشن پر عوامی حمایت کو بھی سراہا گیا اور میڈیا کی طرف سے دی جانے والی سپورٹ پر بھی اطمینان ظاہر کیا گیا اور توقع ظاہر کی گئی کہ یہ آپریشن جلد پایہ تکمیل تک پہنچے گا اور اس میں تمام مقاصد حاصل کئے جائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 14939
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش