0
Monday 2 Apr 2012 16:28

کراچی کے حالات پر نواز شریف کی ہمدردی کا اظہار کھلی منافقت ہے، ایم کیو ایم

کراچی کے حالات پر نواز شریف کی ہمدردی کا اظہار کھلی منافقت ہے، ایم کیو ایم
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کے ارکان قومی اسمبلی نے مسلم لیگ ن کے سربراہ نواز شریف کی جانب سے کراچی کے حالات پر معصومیت کے ساتھ ہمدردی جتانے اور تشویش کا اظہار کرنے پر سخت حیرت اور تعجب کا اظہار کیا ہے۔ اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف آج کراچی کی صورتحال پر جس طرح مگر مچھ سے آنسو بہا رہے ہیں اس سے ہر ذی شعور شخص یہ اندازہ لگا سکتا ہے کہ نواز شریف ماضی میں اپنے بدترین ادوارِ حکومت کو شاید بھول چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 1998ء میں نواز شریف نے اپنے دور حکومت میں تعصب اور عصبیت کا کھلا مظاہرہ کرتے ہوئے سندھ میں اتحادی حکومت کو ختم کرکے گورنر راج نافذ کیا اور انہی کے احکامات پر روشنیوں کے شہر کراچی کو تاریکی میں بدلنے کیلئے کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی گئی۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے کارکن فصیح جگنو سمیت ہزاروں دیگر شہداء کو نواز شریف کے دور حکومت اور ان کی ایماء پر ہی غیر قانونی حراست میں لیکر بیدردی سے ماورائے عدالت قتل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے حالات پر نواز شریف کی جانب سے آج جس ہمدردی اور افسوس کا اظہار کیا جارہا ہے وہ کھلی منافقت کے سوا کچھ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے باشعور عوام جانتے ہیں کہ نواز شریف کے دونوں ادوار حکومت میں کراچی سے اس کی رونقیں چھینی گئی، بے گناہ لوگوں کو گرفتار کرکے جیل بھیجا گیا، ان کا ماورائے عدالت قتل کیا گیا، کئی معذور بنا دیئے گئے اور ان تمام کھلے حقائق کے ہوتے ہوئے نواز شریف کی جانب سے کراچی کے موجودہ حالات پر جس تشویش اور ہمدردی کا اظہار کیا جارہا ہے وہ خلوص، محبت کے جذبات سے خالی ہے اور سیاسی، خاندانی مفاد اور اپنا موروثی سیاسی نظام چلانے کیلئے کی جانے والی سیاسی چالوں کا حصہ ہے۔
خبر کا کوڈ : 149799
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش