0
Tuesday 3 Apr 2012 23:37

نیٹو سپلائی بحالی کی صورت میں فیصلہ کن تحریک شروع کر دی جائے گی، سراج الحق

نیٹو سپلائی بحالی کی صورت میں فیصلہ کن تحریک شروع کر دی جائے گی، سراج الحق

سلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی نائب امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ اگر نیٹو سپلائی بحال کی گئی تو حکمرانوں کے خلاف فیصلہ کن تحریک شروع کر دی جائے گی۔ قبائلی علاقوں میں فوجی آپریشن فی الفور بند کر کے جرگوں اور مذاکرات کے ذریعے مسائل حل کیے جائیں۔ پٹرولیم مصنوعات اور سی این جی کی قیمتوں میں ناروا اضافے سے حکومت نے غریب عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ احمد نور آفریدی کو ایف آر ڈیرہ اسماعیل خان ،این اے 47 سے جماعت اسلامی کا اُمیدوار نامزد کر دیا گیا۔ شیرانی قبائل کے سرکردہ رہنماؤں، ملکان اور علماء کرام نے جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔ 

جماعت اسلامی کے مرکزی میڈیا سیل سے جاری پریس ریلیز کے مطابق درہ زندہ ایف آر ڈیرہ اسماعیل خان میں شیرانی قبائل کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی قبائلی عوام پر ظلم و جبر کے ظالمانہ کھیل کو مزید چلنے نہیں دے گی۔ جماعت اسلامی فاٹا کے امیر صاحبزادہ ہارون الرشید، فاٹا کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر منصف خان مہمند، عبدالحئی مندوخیل، ہدایت خان، نذر محمد اور این اے 47 فاٹا سے جماعت اسلامی کے نامزد اُمیدوار احمد نور آفریدی نے بھی اجتماع سے خطاب کیا۔ 

سراج الحق نے کہا کہ موجودہ حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے نتیجے میں عوام کے لئے سانس لینا مشکل ہو گیا ہے۔ مہنگائی، بے روزگاری اور لاقانونیت عروج پر ہے۔ پی آئی اے، ریلوے اور واپڈا کو تباہ کر دیا گیا ہے۔ کرپشن کے میگا سکینڈل سامنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں حقیقی معنوں میں تبدیلی صرف جماعت اسلامی ہی لا سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انقلاب نعروں سے نہیں آیا کرتے بلکہ انقلاب کے لئے بے مثال قربانیاں دینا پڑتی ہیں۔ انقلاب کے لیے مخلص، دیانتدار اور قربانی کا جذبہ رکھنے والے جن کارکنوں کی ضرورت ہوتی ہے، وہ اس ملک میں صرف جماعت اسلامی کے پاس ہیں۔

جماعت اسلامی کے نائب امیر نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں سکول، کالج اور ہسپتال تباہ ہو گئے ہیں اور ان کی بحالی کے لئے کوئی اقدامات نہیں کیے جا رہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایف آر ڈی آئی خان کے شیرانی قبائل کو صحت، تعلیم کی سہولتیں د ی جائیں اور تباہ شدہ انفراسٹربکچر اور سڑکوں کو جلد از جلد بحال کیا جائے۔
 
جماعت اسلامی فاٹا کے امیر صاحبزادہ ہارون الرشید، جنرل سیکرٹری ڈاکٹر منصف خان مہمند اور احمد نور آفریدی نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قبائلی عوام اپنے دوست اور دشمن میں تمیز کرنا جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مشکل حالات میں جماعت اسلامی کے کارکنوں نے جس طرح قبائلی عوام کی مدد کی ہے، قبائل اس کو کبھی بھی نہیں بھلا سکیں گے۔
 
فاٹا میں سیاسی سرگرمیوں پر پابندی اُٹھنے کے بعد ایف آر ڈی آئی خان میں کسی سیاسی جماعت کی جانب سے یہ پہلا بڑا عوامی اجتماع تھا۔ جس نے علاقے میں سیاسی گھٹن کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ قبل ازیں جلسہ گاہ پہنچنے پر سراج الحق کا روایتی قبائلی انداز میں پُرجوش استقبال کیا گیا۔

خبر کا کوڈ : 150171
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش