0
Thursday 19 Apr 2012 23:58

دفاع پاکستان کونسل جمعہ کو نیٹو سپلائی کی بحالی کیخلاف ملک گیر یوم احتجاج منائے گی

دفاع پاکستان کونسل جمعہ کو نیٹو سپلائی کی بحالی کیخلاف ملک گیر یوم احتجاج منائے گی
اسلام ٹائمز۔ دفاع پاکستان کونسل کی اپیل پر نیٹو سپلائی لائن کی بحالی کیخلاف جمعہ کو ملک گیر یوم احتجاج منایا جائے گا، ملک بھر کی طرح ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں دفاع پاکستان کونسل میں شامل جماعتیں قائدین کی اپیل پر ریلیوں اور احتجاجی مظاہروں کا انعقاد کریں گی، خطبات جمعہ کے موقع پر علماء کرام اہل اسلام کو امریکی و بھارتی سازشوں سے آگاہ کریں گے جبکہ اس موقع پر مذمتی قراردادیں بھی منظور کی جائیں گی۔ ملتان میں نماز جمعہ کے بعد ضلعی امیر جماعتہ الدعوہ حافظ  عبدالغفار کی قیادت میں معصوم شاہ روڈ، ترجمان ثناء اللہ ثاقب کی قیادت میں رشیدآباد چوک، عبدالرحمان سیاف کی قیادت میں چوک کچہری، ریاض الرحمان، ابوحیدر کی قیادت میں نیو ملتان، سمیجہ آباد سے ریلیاں نکالی جائیں گی۔ 

3 بجے سہ پہرچوک گھنٹہ گھر پر دفاع پاکستان کونسل کے زیراہتمام احتجاجی جلسہ منعقد کیا جائے گا، جس میں جماعتہ الدعوہ، جماعت اسلامی سمیت دفاع پاکستان کونسل میں شامل جماعتیں اور ان کے کارکنان بھرپور انداز میں شریک ہونگے، احتجاجی جلسہ سے مختلف مذہبی و سیاسی جماعتوں کے مقامی قائدین و شہری تنظیموں کے رہنماء بھی خطاب کریں گے۔ دریں اثناء  امیر جماعتہ الدعوہ ضلع ملتان حافظ عبدالغفار کی زیر امارت اجلاس میں نیٹو سپلائی لائن کی بحالی کیخلاف ملک بھر کی طرح ملتان میں بھی دستخطی مہم چلانے کا فیصلہ کیا گیا۔
 
اجلاس میں دفاع پاکستان کونسل کے زیراہتمام چوک گھنٹہ گھر پر منعقدہ جلسہ میں ذمہ داران کو کارکنان کیساتھ بھرپور انداز میں شریک ہونے کی ہدایات دی گئیں۔ ملتان کے علاوہ جنوبی پنجاب کے دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں جماعتہ الدعوہ اور دفاع پاکستان کونسل میں شام جماعتیں نیٹو سپلائی لائن کی بحالی کیخلاف یوم احتجاج منائیں گی، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان، خانیوال، وہاڑی، مظفرگڑھ، لودھراں سمیت مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا، کئی مقامات پر مساجد کے باہر پرامن مظاہرے ہونگے جبکہ ضلعی سطح پر احتجاجی جلسے بھی منعقد کیے جائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 154852
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش