0
Sunday 22 Apr 2012 00:23

انسانی حقوق کی پامالیوں کی لرزہ خیز داستانیں سن کر ایمنسٹی انٹرنیشنل وفد حیران

انسانی حقوق کی پامالیوں کی لرزہ خیز داستانیں سن کر ایمنسٹی انٹرنیشنل وفد حیران

اسلام ٹائمز۔ انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل کے ایک وفد نے شمالی کشمیر کے علاقہ لنگیٹ میں تشدد کے متاثرین سے ملاقات کے دوران انکی داد رسی کی، بھارتی فوج، پولس اور دیگر ایجنسیوں کی جانب سے انسانی حقوق کی پامالی کی لرزا دینے والی داستانیں سنکر اراکین وفد نے تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ دو دہائیوں کے طویل عرصہ کے دوران پیش آنے والے ان افسوسناک واقعات کی گونج اقوام عالم تک پہنچائی جائے گی اور مستقبل میں اس طرح کے واقعات کو روکنے کی کوششیں کی جائیں گی، حقوق انسانی تنظیم کے ان اراکین نے کہا کہ متاثرین کو انصاف دلانے کے لئے وہ اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں گے۔
 
تشدد سے متاثرہ مظلوموں نے مہمان وفد کو بتایا کہ کس طرح فوج، پولس اور بھارتی ایجنسیوں نے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا اور سرکار کی جانب سے انسانی حقوق کی پامالی کے مختلف واقعات کی تحقیقات کرائے جانے کے اعلانات کے باوجود بھی کوئی تحقیقات ہوئی اور نہ ہی قصور واروں کو سزاء یا مظلوموں کو انصاف فراہم کیا گیا۔ انسانی حقوق کے کارکنوں اور تشدد کے مارے ان لوگوں کی ملاقات کے دوران تب رقعت آمیز مناظر دیکھے گئے کہ جب کئی لوگوں نے انکے رشتہ داروں کے نا حق مارے جانے یا انہیں تشدد کا نشانہ بنائے جانے کے واقعات بیان کئے اور کہا کہ برسوں گذرجانے کے با وجود بھی انہیں کسی قسم کا انصاف فراہم نہیں کیا گیا۔
 
وفد کو کئی واقعات کے بارے میں بتایا گیا کہ پولس اور مختلف ادوارں کے ریاستی وزراء اعلیٰ نے تشدد کے واقعات کی تحقیقات کروا کے مظلوموں کوانصاف دلائے جانے کے اعلانات کئے تاہم بعد ازاں نہ ہی کسی تحقیقاتی عمل کو منطقی انجام تک پہنچایا گیا اور نہ ہی کسی بھی واقعہ میں ملوث افسروں یا اہلکاروں کے خلاف کوئی کارروائی کی گئی، اس سلسلے میں متاثرین نے ایمنسٹی انٹرنیشنل کے وفد کو کئی اخباری تراشے اور دیگر دستاویزی ثبوت فراہم کئے اور انہیں انصاف دلانے کیلئے تنظیم سے موثر رول نبھانے کی اپیل کی۔
 
وفد سے ملاقات کرنے والے انصاف کے متلاشیوں نے انجینئر رشید کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ فقط انہی کی کوششوں سے ایمنسٹی انٹرنیشنل جیسی معتبر تنظیم کا وفد اس دور دراز علاقے کے لوگوں کی داد رسی کے لئے یہاں آپایا، واضح رہے کہ انجینئر رشید نے گذشتہ دنوں ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مذکورہ وفد کے ساتھ سرینگر میں قریب دو گھنٹے کی طویل ملاقات کی اور انہیں جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی اصل صورتحال سے آگاہ کیا، میٹنگ کے دوران ہی انجینئر رشید نے وفد سے انکے علاقہ لنگیٹ کا دورہ کرکے یہاں کے متاثرین سے براہ راست بات کرنے کی دعوت دی تھی جسے قبول کرتے ہوئے اپنی نوعیت کی یہ اہم میٹنگ ممکن ہو پائی۔

خبر کا کوڈ : 155313
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش