0
Friday 27 Apr 2012 22:35

بی بی فاطمہ س نے اپنی مظلومیت کے ذریعہ دین کے حقیقی چہرے کو بچایا، علامہ ہاشم موسوی

بی بی فاطمہ س نے اپنی مظلومیت کے ذریعہ دین کے حقیقی چہرے کو بچایا، علامہ ہاشم موسوی
اسلام ٹائمز۔ کوئٹہ میں شہادت حضرت فاطمتہ الزہرا (س) کا مرکزی جلوس امام بارگاہ سید آباد سے برآمد ہوا۔ جس میں ہزاروں عزاداروں‌  نے شرکت کی۔ جلوس علمدار روڈ سے برآمد ہوکر اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا بہشت زینب س (ہزارہ قبرستان) پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔ اس دوران علم، ذوالجناح اور تعزیئے بھی برآمد ہوئے۔ جلوس میں علمائے کرام کے علاوہ بچے اور مرد بھی بہت بڑی تعداد میں موجود تھے۔ جلوس کے اختتام سے قبل شرکاء جلوس سے علامہ سید ہاشم موسوی نے خطاب کیا۔ 

انہوں نے حق و باطل کے معرکہ میں حضرت فاطمتہ الزھرا (س) پر ہونے والے مظالم اور مصائب بیان کئے۔ اور کہا کہ بی بی س نے دین میں انحراف پیدا کرنے والوں کا مقابلہ اپنی مظلومیت کے ساتھ کیا اور انکو شکست دے کر دین حق کا صحیح چہرہ قیامت تک محفوظ بنادیا۔ جلوس عزاء میں امام بارگاہ سیدآباد، امام بارگاہ فاطمیہ، امام بارگاہ پنجابی، امام بارگاہ نچاری، امام بارگاہ مومن آباد اور دیگر سے عزاداروں نے شرکت کی۔

جلوس کے شرکاء راستے بھر سینہ کوبی، زنجیر زنی اور نوحہ خوانی کرتے رہے۔ اس موقع پر لوگوں کی سہولت کے لئے جگہ جگہ پانی، شربت اور دودھ کی سبیلیں اور طبی کیمپ قائم کئے گئے تھے۔ جبکہ کئی مقامات پر لنگر اور نذر و نیاز کی تقسیم کا بھی انتظام تھا۔ جلوس کے موقع پر پولیس، رینجرز، سادہ لباس میں اہلکار، ٹریفک پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کے اضافی اہلکار فرائض سر انجام دے رہے تھے۔ جلوس کے راستے میں کلوز سرکٹ کیمرے بھی نصب کیے گئے تھے۔
خبر کا کوڈ : 156843
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

متعلقہ خبر
ہماری پیشکش