0
Friday 27 Apr 2012 20:06

امریکہ پاکستان کے قدرتی اور ایٹمی ذخائر کے پیچھے پڑا ہوا ہے، صاحبزادہ فضل کریم

امریکہ پاکستان کے قدرتی اور ایٹمی ذخائر کے پیچھے پڑا ہوا ہے، صاحبزادہ فضل کریم
اسلام ٹائمز۔ مرکزی شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ ایوان عدل اور ایوان اقتدار کے تصادم سے پاکستان کو نقصان ہو گا، اس لیے عدالتی فیصلے پر تحمل کا مظاہرہ کیا جائے، وزیراعظم سیاسی شہید بنے ہیں نہ غازی، پاکستان میں روٹی مہنگی اور موت سستی ہے، پاکستان کی ترقی کے لیے مخدوم اور خادم کا فرق ختم کرنا ہو گا، وزیراعظم کی سزا ختم اور عوام کی سزا شروع ہو گئی ہے، کراچی کی ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری میں حکمران اتحاد ملوث ہے، لسانیت اور فرقہ واریت کو فروغ دینے والے ملک کو نقصان پہنچا رہے ہیں، امریکہ پاکستان کے قدرتی اور ایٹمی ذخائر کے پیچھے پڑا ہوا ہے۔

صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ ملک کی غالب اکثریت نظامِ مصطفی کی حامی ہے، سنی اتحاد کونسل نے لادینی قوتوں سے مقابلے کی تیاری کر لی ہے، ملک کو امریکہ کی بالادستی اور غلامی سے نجات دلانے کے لیے جدوجہد تیزتر کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام 64سال سے بھوکے ننگے ہیں اور لیڈر کھرب پتی بن گئے ہیں، انٹرنیشنل ماسٹر پلان کے تحت پاکستانی قوم کو آپس میں لڑایا اور تقسیم کیا جا رہا ہے، آج پاکستان کو ایسے لیڈر کی ضرورت ہے جو قوم کو متحد کر دے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ عدالتی فیصلے سے آئینی اور سیاسی بحران پیدا ہوا تو ملک کی بدقسمتی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچوں کو قومی دھارے میں لانے کے لیے تمام قومی جماعتیں اپنا کردار ادا کریں اور بلوچوں کی ناراضگی اور احساس محرومی ختم کرنے کے لیے حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔

صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ عالمی سازش کے تحت کراچی کو بیروت بنایا جا رہا ہے۔ مرکزی شوریٰ کے اجلاس میں طارق محبوب، علامہ محمد شریف رضوی، مفتی محمد سعید رضوی، صاحبزادہ محمد عمار سعید سلیمانی، پیر خالد محمود، پیر طارق ولی چشتی، پیر میاں غلام مصطفی، بیرسٹر صاحبزادہ سید وسیم الحسن نقوی، صاحبزادہ محمد داؤد رضوی، الحاج سرفراز تارڑ، ملک احمد خان بھچر، مولانا محمد اکبر نقشبندی، مولانا وزیر القادری، محمد عثمان لودھی، مولانا قاری فیض بخش رضوی، مفتی محمد حسیب قادری، مولانا صوفی ارشد القادری نے شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 156849
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش