0
Thursday 24 May 2012 00:19

فاٹا کے مستقبل کا اختیار صرف قبائل کو حاصل ہے،جے یو آئی خیبر پختونخوا

فاٹا کے مستقبل کا اختیار صرف قبائل کو حاصل ہے،جے یو آئی خیبر پختونخوا
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء اسلام خیبر پختونخوا کی مجلس عاملہ اور قبائل کے عہدیداروں کا اجلاس صوبائی سیکرٹریٹ پشاور میں شیخ امان اللہ کی صدارت میں منعقد ہوا، جسمیں جے یو آئی کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمان، اکرم خان درانی، صاحبزادہ خالد جان، عبدالجلیل جان، مولانا فضل علی، قاری فیاض الرحمان، شمس الرحمان شمسی، آصف اقبال، نور الاسلام، قاری عبداللہ، مفتی محمد اجمل ایم این اے، عبد المالک ایم این اے، مولانا محمد صادق، غلام محمد صادق، مولانا نیک زمان، مولانا گوہر شاہ، عبدالرشید مفتی عبدالشکور، اور دیگر قبائلی رہنماوں اور عہدیداروں نے شرکت کی، اجلاس میں قبائلی علاقوں کے مستقبل، آپریشن سے پیدا شدہ صورتحال، کراچی کے حالات اور دیگر اہم امور سے متعلق غور کیا گیا۔
 
اجلاس کے فیصلوں کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے جے یو آئی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات عبد الجلیل جان نے بتایا کہ اجلاس میں فاٹا کے مستقبل کے حوالے سے صوبائی اسمبلی کی قرارداد، فاٹا کی علیحدہ حیثیت اور فاٹا کو صوبہ کی حیثیت دینے کے حوالے سے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ فاٹا کے مستقبل کے حوالہ سے بین الاقوامی ایجنڈا قبول نہیں کیا جائیگا اور اسکے مستقبل کا اختیار صرف اور صرف قبائلی عوام کو ہے جو اپنی مرضی کے مطابق فاٹا کے مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔ جمعیت علماء اسلام نے اس سلسلے میں 15 جولائی کو سرکردہ قبائل رہنماوں کا گرینڈ جرگہ پشاور میں طلب کیا ہے، جس میں فاٹا کے مستقبل کے حوالہ سے قبائل عوام کی رائے اور تجاویز کی روشنی میں لائحہ عمل طے کیا جائیگا۔
 
اجلاس میں مطالبہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ قبائلی علاقہ جات میں آپریشن بند کیا جائے اور فاٹا کے مستقبل کا اختیار قبائل عوام کو دیا جائے، اجلاس میں کراچی جلوس پر فائزنگ اور کراچی میں کشیدہ صورتحال کو ملک کی سلامتی کے خلاف قرار دیا گیا اور کہا گیا کہ بعض بیرونی قوتیں کراچی کے حالات سے فائدہ اٹھانے کی ناکام کوشش کررہی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 164852
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش