0
Friday 8 Jun 2012 19:38

جرأت مندانہ رویہ نہ اپنایا تو امریکہ پورے ملک کو میدان جنگ بنا دے گا، مفتی رفیع عثمانی

جرأت مندانہ رویہ نہ اپنایا تو امریکہ پورے ملک کو میدان جنگ بنا دے گا، مفتی رفیع عثمانی
اسلام ٹائمز۔ مفتی اعظم پاکستان مفتی رفیع عثمانی نے کہا ہے کہ دینی مدارس پرخودکش حملے ایک نئی سازش ہے علماء و طلباء کو منظم منصوبہ بندی کے تحت شہید کیا جا رہا ہے دینی مدارس کے خلاف کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے ملک میں اسلامی نظام ہی تمام مسائل کاحل ہے حکومت امن و امان کے قیام میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ مدارس کے تحفظ کے لیے علماء کو آگے آنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دارلعلوم زکریا ترنول میں ختم بخاری شریف اور دستاربندی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا تقریب سے مدرسہ ہذا کے مہتمم پیر طریقت مولانا عزیزالرحمن ہزاروی، شیخ الحدیث ڈاکٹر شیر علی شاہ، مولانا عالم طارق، مولانا الیاس گھمن، مفتی مختارالدین شاہ، ممبرصوبائی اسمبلی حافظ اخترعلی، قاضی ارشدالحسینی، مولانا عبدالقیوم حقانی، مولانا قاضی مشتاق، مفتی اویس عزیز و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

تقریب میں 28علماء، 8مفتیان اور حفظ قرآن کی سعادت حاصل کرنے والے 88 طلباء کی بھی دستاربندی کی گئی اس موقعہ پر ایک قرارداد بھی پاس کی گئی جس میں جامعہ مفتاح العلوم کوئٹہ میں ہونے والے بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیاگیا کہ حکومت فوری طور پر ملزمان کو گرفتار کرے حکومت اگر مدارس کی حفاظت نہیں کر سکتی تو علماء مدارس کا تحفظ کرنا جانتے ہیں اس واقعہ میں قیمتی جانوں کاضیاع بہت بڑا نقصان ہے۔

اس موقعہ پر مفتی رفیع عثمانی نے بخاری شریف کی آخری حدیث پڑھائی اور خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دینی مدارس علم و امن کے گہوارے ہیں جن سے محبت اور امن کی تبلیغ کی جاتی ہے اب دینی مدارس کو بدنام کرنے کے لیے ان کونشانہ بنایا جا رہاہے انہوں نے کہا کہ ہم نے متعدد بار بلوچستان میں قیام امن کیلئے سنجیدہ کوششوں پر زور دیا ہے اور امن و امان قائم کرنے کیلئے فوری اقدامات کی بات کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی ادارے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے عوام کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ مدارس کے تعلیمی سال کا اختتام ہے اور اس موقع پر ملک بھر میں ختم بخاری شریف اور دستار بندی کی تقاریب منعقد ہو رہی ہوتی ہیں۔ لہذا حکومت ان تقاریب کی مناسب سیکورٹی کا بندوبست کرے اور شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے۔ علماء نے کوئٹہ واقعے کی فی الفور شفاف تحقیق اور واقعے میں ملوث تمام ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا ہے حکمرانوں اور سیاسی جماعتوں کو امریکی دھمکیوں کا سنجید گی سے نوٹس لینا چاہئے۔ پاکستانی قوم امریکی دھمکیوں سے مرعوب نہیں ہوگی۔ حکمرانوں نے امریکی خوف سے نکل کر جرأت مندانہ رویہ نہ اپنایا تو امریکہ پورے ملک کو میدان جنگ بنا دے گا۔ انہوں نے کہاکہ حکمران اپنے اقتدار کو طول دینے اور ڈالروں کے لالچ میں امریکی مفادات کی تکمیل کے لیے قومی سلامتی اور خود مختاری داؤ پر لگا چکے ہیں۔ ملک اس وقت غیر یقینی صورت حال کا شکار ہو چکا ہے۔
خبر کا کوڈ : 169329
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش