0
Friday 15 Jun 2012 00:54

فکر امام خمینی رہ فکر رسول کا تسلسل ہے، علامہ شہنشاہ نقوی کا جے ایس او کی کانفرنس سے خطاب

فکر امام خمینی رہ فکر رسول کا تسلسل ہے، علامہ شہنشاہ نقوی کا جے ایس او کی کانفرنس سے خطاب
اسلام ٹائمز۔ جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی غربی ڈویژن کے زیراہتمام رضویہ امام بارگاہ میں ”فکر امام خمینی رہ و بیداری اسلامی کانفرنس“ کا انعقاد کیا گیا۔ جس کے مہمان خصوصی حجة الاسلام علامہ شہنشاہ حسین نقوی تھے، جبکہ دیگر معزز مہمانان میں حجة الاسلام مولانا شہریار عابدی، جے ایس او پاکستان کے مرکزی صدر حسنین حیدر جعفری، مولانا کامران عابدی، جے ایس او کراچی غربی ڈویژن کے صدر احسن نے بھی خطاب کیا۔ 

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے امام خمینی رہ کو ایک عظیم مصلح اور اس صدی کا کامیاب ترین انسان قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ امام خمینی رہ کی زندگی کے مختلف پہلووں پر غور کرنے سے یہ بات آشکار ہوتی ہے کہ ان کی ذات میں ہر وہ صلاحیت موجود تھی جو کہ ایک کامیاب انسان کی زندگی کا خاصہ ہوتی ہے۔ بلاشبہ ان کی زندگی عالم اسلام کے لئے نمونہ عمل ہے۔ انہوں نے اپنی بے مثال اور لازوال جدوجہد سے اسلامی انقلاب برپا کر کے استعماری گماشتوں اور ان کے آلہ کاروں کی اسلام و مسلمین کے خلاف کی جانے والی تمام سازشوں کو خاک میں ملا دیا۔ 

انہوں نے کہا کہ امام خمینی نے امت مسلمہ کو پیغام دیا کہ اگر وہ خدائے واحد پر یقین رکھتے ہیں اور ایک عزم صمیم کے ساتھ اسلام و مسلمین کی سربلندی و سرفرازی کے لئے کوشش کرتے ہیں تو یقیناً کامیابی ان کے قدم چومے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ کہ آج ایران کے اسلامی انقلاب کی بدولت امت مسلمہ بیدار اور متحرک ہے۔ علامہ شہنشاہ نقوی نے کہا کہ دنیا میں سیاسی بیداری کی تمام تحریکیں فکر امام خمینی رہ سے استفادہ کر رہی ہیں۔
 
کانفرنس سے اپنے خطاب میں مولانا شہریار عابدی نے فکر امام خمینی رہ پر عمل کو امت مسلمہ کی سربلندی کا ذریعہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ فکر امام خمینی رہ فکر رسول کا تسلسل ہے۔ پیغمبر اکرم نے ہمیشہ اصلاح امت کی بات کی، مظلوموں کی حمایت اور ظالم کے خلاف آواز بلند کی، ہمیشہ آپس میں اتحاد و وحدت کی ضرورت پر زور دیا اور یہی تمام چیزیں ہمیں کردار امام خمینی رہ میں بھی نظر آتی ہیں۔ انہوں نے خود کو حقیقتاً اسلام کے عظیم فرزند کے طور پر ثابت کیا۔ مولانا شہریار عابدی نے مزید کہا کہ امام خمینی رہ کی قیادت میں برپا ہونے والا اسلامی انقلاب ذاتی مقاصد کے حصول کے لئے نہیں تھا بلکہ معاشرے کے کمزور، اور پسے ہوئے افراد کے حقوق کے لئے تھا۔ 

جے ایس او پاکستان کے مرکزی صدر حسنین جعفری نے خطاب کرتے ہوئے امام خمینی رہ کو وحدت و اتحاد کا عظیم داعی اور بے مثال قائد و رہنما قرار دیا۔ جن کی قیادت میں برپا ہونے والے اسلامی انقلاب نے جہاں بالخصوص نوجوانوں میں بیداری کی روح پھونکی وہیں معاشرے کے پسے ہوئے مظلوم و مستضعف افراد کو آزادی کی ایک نئی راہ دکھائی۔ انہوں نے کہا کہ امام خمینی رہ جانتے تھے کہ استعماری طاقتیں مسلمانوں کے درمیان انتشار و افتراق کو فروغ دے کر انہیں کمزور کرنا چاہتی ہیں، یہی وجہ ہے کہ آپ رہ نے بار بار مسلمانوں کو آپس میں متحد ہونے کی تلقین کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج پاکستانی مسلمان بھی فکر امام خمینی رہ کی راہ پر گامزن رہتے ہوئے آپس میں متحد و یکجا ہیں۔ 
کانفرنس سے علامہ کامران عابدی اور جے ایس او غربی ڈویژن کے صدر برادر احسن نے خطاب کرتے ہوئے امام خمینی رہ کی کوششوں اور کاوشوں کو انبیاء الٰہی کے مقصد و ہدف کا تسلسل قرار دیا۔
خبر کا کوڈ : 171299
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش