0
Sunday 17 Jun 2012 23:19

پیپلز پارٹی کی رہنماء فوزیہ وہاب طویل علالت کے بعد انتقال کر گئیں

پیپلز پارٹی کی رہنماء فوزیہ وہاب طویل علالت کے بعد انتقال کر گئیں
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی فوزیہ وہاب ہسپتال میں طویل علالت کے بعد انتقال کر گئیں، پیپلز پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات اور رکن قومی اسمبلی فوزیہ وہاب کا پتے کا آپریشن کیا گیا تھا جس کے بعد اندورنی طور پر خون کا اخراج ہونے کے باعث ان کی طبیعت زیادہ خراب ہو گئی۔ خون کا اخراج روکنے کے لیے فوزیہ وہاب کے دو طویل آپریشن بھی کیے گئے۔ گذشتہ رات ان کی طبیعت انتہائی خراب ہو گئی تھی۔ فوزیہ وہاب 1956ء میں پیدا ہوئیں۔ ان کی پہلی شادی معروف صحافی اور ٹی وی اینکر وہاب صدیقی سے 1978ء میں ہوئی۔ ان کے چار بچے ہیں۔ فوزیہ وہاب نے ابتداء میں ایک ڈرامہ سریل کوہار میں بھی کام کیا۔ 1993ء ان کے شوہر وہاب صدیقی عارضہ قلب کے باعث انتقال کرگئے جس کے بعد فوزیہ وہاب کی دوسری شادی معروف کارڈیو لوجسٹ ڈاکٹر اختر حسین سے ہوئی۔ 

فوزیہ وہاب 1993ء سے 1996ء تک پاکستان انڈسٹریل اینڈ کمرشل لیزنگ کمپنی سے بحثیت مارکیٹنگ منیجر وابستہ رہیں۔ 1994ء میں انھیں ممبر ایڈوائزی کونسل کراچی میٹرپولیٹن کارپوریشن مقرر کیا گیا۔ بعدازاں فوزیہ وہاب کو کے ایم سی میں چیئرمین انفارمیشن کمیٹی بنا دیا گیا۔ فوزیہ وہاب نے قومی اسمبلی سے حدود آرڈیننس کی منظوری میں اہم کردار ادا کیا۔ سال 2002ء میں فوزیہ وہاب کو قومی اسمبلی میں خواتین کی مخصوص نشتوں کیلئے نامزد کیا گیا۔ وہ قومی اسمبلی کی مجلس قائمہ برائے نجکاری اور سٹینڈنگ کمیٹی برائے اکنامک افئیرز کے رکن کی حیثیت سے خدمات انجام دیتی رہیں۔ 

قومی اسمبلی کی فنانس کمیٹی کے فعال رکن کی حیثیت سے بجٹ سازی میں بھی حصہ لیا۔ فوزیہ وہاب 2002ء سے 2007ء تک قومی اسمبلی میں حزب اقتدار ممبر کی حیثیت سے اہم و فعال کردار ادا کرتی رہیں اور ماحولیات کے حوالے سے بل منظور کرا کر پولیتھین بیگ کے استعمال پر پابندی لگوانے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ شیری رحمان کے عہدے سے مستعفی ہونے پر فوزیہ وہاب کو پارٹی میں انفارمیشن سیکرٹری اور سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کا رکن بنا دیا گیا تاہم بعد ازاں ریمنڈ ڈیوس سے متعلق فوزیہ وہاب کا بیان متنازع قرار دیئے جانے پر انھیں عہدے سے استعفٰی دینا پڑا۔
خبر کا کوڈ : 172172
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش