0
Tuesday 26 Jun 2012 18:42

بلوچستان مسئلہ کا حل حکومت کی ترجیح، امریکہ سلالہ حملے پر غیر مشروط معافی مانگے، وزیراعظم

بلوچستان مسئلہ کا حل حکومت کی ترجیح، امریکہ سلالہ حملے پر غیر مشروط معافی مانگے، وزیراعظم
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ چاہتی ہے کہ امریکہ سلالہ حملے پر غیر مشروط معافی مانگے، بلوچستان مسئلہ کو قابل قبول انداز میں حل کرنے کیلئے بلوچ قیادت کو مذاکرات کی دعوت دیتے ہیں۔ وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے ہمسائیہ ممالک سے اچھے تعلقات چاہتا ہے۔ بھارت کے ساتھ تمام متنازع امور بات چیت کے ذریعے حل کرنا چاہتے ہیں۔ راجہ پرویز اشرف نے اپنی کابینہ کے پہلے اجلاس سے خطاب میں اپنے پیشرو یوسف رضا گیلانی کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ یوسف رضا گیلانی نے آئین کے تحفظ کی خاطر اصولی موقف اپنایا۔ 

وزیراعظم نے کہا کہ وہ قوم کی خدمت کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو حکومت سے تعاون کی اپیل کرتے ہیں۔ اتحادی حکومت توانائی بحران کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی۔ زرعی شعبہ کی ترقی میں بجلی کا مسئلہ آڑے نہیں آنے دیا جائے گا۔ انہوں نے پی آئی اے، واپڈا، سٹیل ملز، ریلویز جیسے اداروں کی انتظامیہ کو کہا کہ وہ اداروں کی آپریشنل بہتری پر توجہ دیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان کا مسئلہ حل کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔ اندرون اور بیرون ملک بلوچ قیادت کو مذاکرات کی میز پر آنے کی دعوت دی جا رہی ہے اور حکومت مسئلہ کے قابل قبول حل کے لیئے تیار ہے۔ بعد میں اجلاس نے ایجنڈا کے موضوعات پر غور کیا۔ اس میں توانائی کا بحران اور ملک میں امن وامان کے موضوعات شامل ہیں۔

دیگر ذرائع کے مطابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے اندرون اور بیرون ملک موجود ناراض بلوچ رہنماؤں کو مذاکرات کی دعوت دے دی۔ ان کا کہنا ہے پاک امریکا تعلقات کی بحالی میں جذباتی فیصلہ نہیں کیا جائے گا۔ وزیراعظم پرویز اشرف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے پہلے اجلاس میں توانائی بحران اور امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے اندرون و بیرون ملک تمام بلوچ رہنماؤں کو مذاکرات کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا شورش زدہ بلوچستان کے مسئلے کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ امریکا سلالہ واقعے پر غیرمشروط معافی مانگے، پاک امریکا تعلقات کی بحالی میں جذباتی فیصلہ نہیں کیا جائے گا۔ پارلیمنٹ کی بالادستی اور خودمختاری پر کوئی حرف نہیں آنے دیں گے۔

راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ درپیش چیلنجز حل نہ کئے تو جمہوریت کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ کابینہ عوامی مسائل حل کرنے کیلئے متحرک کردار ادا کرے۔ وزیراعظم نے بجلی کی پیداوار بڑھانے کیلئے ہنگامی اقدامات کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے سیاسی جماعتوں کو ملکی مسائل کے حل کیلئے ساتھ کام کرنے کی دعوت دی اور کہا کہ محاذ آرائی کی سیاست اب ختم ہونی چاہئے۔ دہشت گردی، انتہا پسندی اور فرقہ واریت کے خلاف مل کر کوشش کرنا ہوں گی۔
خبر کا کوڈ : 174515
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش