0
Friday 29 Jun 2012 14:30

شیعہ زائرین کی بس پر دھماکہ ایران و پاکستان کے تعلقات خراب کرنیکی سازش ہے، علامہ رمضان توقیر

شیعہ زائرین کی بس پر دھماکہ ایران و پاکستان کے تعلقات خراب کرنیکی سازش ہے، علامہ رمضان توقیر
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان خیبر پختونخوا کے صوبائی سربراہ علامہ محمد رمضان توقیر نے ایران سے کوئٹہ آنے والی زائرین کی بس پر ہزار گنجی کے قریب ریموٹ کنٹرول بم دھماکے کے نتیجے میں پندرہ سے زائد زائرین کی شہادت اور متعدد افراد کے زخمی ہونے پر شدید غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے سانحہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور شیعہ علماء کونسل کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی کی کال پر صوبہ بھر میں تین روزہ سوگ منانے کا اعلان کرتے ہوئے شیعہ عوام کو پرامن رہنے کی ہدایت کی۔ 

شیعہ علماء کونسل پاکستان کے صوبائی سیکرٹریٹ سے جاری ایک مذمتی بیان میں ایس یو سی کے صوبائی سربراہ کا کہنا تھا کہ یہ افسوسناک واقعہ دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ، لاقانونیت اور ظلم و بربریت کے گذشتہ واقعات سے جڑی ایک لہر ہے، جو ایک مدت سے جاری ہے اور ان افسوس ناک واقعات کے سبب سینکڑوں معصوم بچے یتیم اور گھروں کے گھر اجڑ چکے ہیں، مگر حکومتی اداروں سمیت عدلیہ کے بےحس ٹھیکیداروں کو کالعدم تنظیموں کی فیکٹریاں نظر آتی ہیں اور نہ ہی ان میں پلنے والے سفاک دہشتگرد۔
 
سربراہ شیعہ علماء کونسل کے پی کا کہنا تھا کہ یہ تشویشناک صورتحال ملک کو لمحہ بہ لمحہ تباہی و بربادی کی جانب دھکیل رہی ہے اور حکومت و ریاست کے وجود کی بجائے عملاً ملک پر دہشتگردوں اور قاتلوں کی حکمرانی نظر آتی ہے، ایسے حالات میں عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوتا جا رہا ہے اور خدشہ ہے کہ اگر یہ صورتحال بدستور جاری رہی اور معصوم انسانوں کا خون ناحق یونہی بہتا رہا تو عوامی غیض و غضب پر کنٹرول کسی کے بس میں نہ ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران و پاکستان کے راستے میں تسلسل کے ساتھ اس قسم کے واقعات کا رونما ہونا دونوں ملکوں کے تعلقات خراب کرنے کی سازش ہے۔
 
انہوں نے سانحہ کوئٹہ کے زخمیوں سمیت کوٹلہ سیداں کے رہائشی سید محمد ثقلین شاہ کاظمی کی بھی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ کالعدم تنظیموں کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھی جائے اور سانحہ ہزار گنجی کے خلاف تحقیقاتی کمیشن تشکیل دے کر سانحہ کے مجرموں کو عبرت ناک سزا دی جائے، تاکہ ایسے واقعات دوبارہ رونما نہ ہوں۔
خبر کا کوڈ : 175225
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش