0
Tuesday 3 Jul 2012 11:11

کشمیر میں اسرائیلی طرز پر پنڈتوں کیلئے محفوظ کالونیوں کا قیام خطرناک منصوبہ ہے، علی گیلانی

کشمیر میں اسرائیلی طرز پر پنڈتوں کیلئے محفوظ کالونیوں کا قیام خطرناک منصوبہ ہے، علی گیلانی
اسلام ٹائمز۔ حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی شاہ گیلانی نے اسرائیلی طرز پر پنڈتوں کیلئے محفوظ کالونیوں کے قیام کو خطرناک منصوبہ قرار دیتے ہوئے شُبہ ظاہر کیا کہ ان کالونیوں میں بھارتی شدت پسند ہندﺅ گروپوں کے مسلح رضاکاروں کو بساکر وادی کشمیر میں خانہ جنگی کی صورتحال پیدا کی جائیگی، انہوں نے ریاستی سرکار پر میڈ اِن اسرائیل خاکے میں رنگ بھرنے کا الزام  عائد کرتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر یہ منصوبہ ترک نہیں کیا گیا تو اس کے خلاف ایجی ٹیشن چھیڑ دی جائے گی، سید علی شاہ گیلانی نے پنڈتوں کو اپنی آبائی بستیوں میں رہائش پذیر ہونے کا مشورہ دیتے ہوئے واضح کیا کہ اگر مہاجر پنڈتوں کی بازآبادکاری امداد کو 18سے30لاکھ روپے کیا جاتا ہے تو اس میں کوئی حرج نہیں۔

 حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی شاہ گیلانی نے آج اپنی رہائش گاہ واقع حیدپورہ سرینگر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ بھارتی پالیسی ساز اسرئیلی سراغ رساں ایجنسی ’موساد‘ سے ملکر ایک خطرناک منصوبہ ترتیب دے رہے ہیں جس کے تحت کشمیری مہاجر پنڈتوں کیلئے الگ سے کالونیوں کی تعمیر عمل میں لائی جارہی ہے، انہوں نے کہا حریت کانفرنس کو اس سلسلے میں اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جس کے مطابق ان مہاجر کالونیوں میں کشمیری پنڈتوں سے زیادہ بھارت کی مختلف ریاستوں سے ’آر ایس ایس اور سنگھ پریوار‘ کو اُسی طرح لا کر بسایا جائے گا جس طرح فلسطین میں ساری دنیا سے یہودیوں کو لاکر بسایا گیا۔
 
حریت کانفرنس کے چیئرمین نے خلاصہ کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں محکمہ سیاحت کو بھی بھارت کی جانب سے متحرک کیا گیا ہے اور خصوصی طور پر اس محکمے کے افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اسرائیل کا دورہ کریں اور وہاں کے لوگوں کو کشمیر آنے کی دعوت دی جائے، تاہم مسٹر گیلانی نے کہا کہ اصل میں سیاحوں کی شکل میں اسرائیلی جاسوسوں اور خفیہ ایجنسیوں سے وابستہ لوگوں کیلئے راستہ ہموار کیا جارہا ہے، اس منصوبے کی آڑ میں کشمیر میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے سید علی شاہ گیلانی نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کی ہیئت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
 
انہوں نے کہا کہ مجوزہ مہاجر کالونیاں فصیل بند بستیاں ہونگی جو بقول انکے کشمیری مسلمانوں اور انکے جدوجہد کے خلاف سازشوں کے اڈوں  کے طور پر استعمال کی جائیں گی، حریت کانفرنس کے چیئرمین نے خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ان کالونیوں میں مسلح بھارتی انتہا پسند ہندوں کو بسایا جائے گا اور ریاست میں’سول وار‘ شروع کرانے کی کوشش کی جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 176096
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش