0
Wednesday 30 Dec 2009 13:39

کراچی خودکش حملہ اور آتشزنی ملک کیخلاف سازش ہے،صدر،وزیراعظم،آگ لگانے والے جلوس کے شرکاء نہیں تھے،رحمن ملک

کراچی خودکش حملہ اور آتشزنی ملک کیخلاف سازش ہے،صدر،وزیراعظم،آگ لگانے والے جلوس کے شرکاء نہیں تھے،رحمن ملک
کوئٹہ،لاڑکانہ،گوادر،کراچی:صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ کراچی میں خودکش حملہ اور دکانوں کو جلانے کے واقعات ملک کیخلاف سازش ہے جبکہ وزیر اعظم گیلانی کا کہنا ہے کہ ایک سازش کے تحت ملک کو کمزور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک نے کہا ہے کہ کراچی میں دھماکہ اور جلاﺅ گھیراﺅ سوچے سمجھے منصوبے کے تحت کیا گیا۔ کچھ لوگ پاکستان کو توڑنا چاہتے ہیں۔ تمام واقعات اور شواہد کو سامنے رکھ کر تحقیقات کی جائیں گی۔ لاڑکانہ،خیرپور پل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر زرداری نے کہا کہ کراچی کے واقعات پر ان کا دل رو رہا ہے وہ حکومت سندھ کو تنبیہ کرتے ہیں کہ وہ اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر کراچی سے دہشت گردی کے خاتمے اور امن و امان کیلئے اقدامات کریں۔اس سے قبل صدر زرداری نے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی،لاڑکانہ انڈسٹریل اسٹیٹ،انجینئرنگ کالج اور گڑھی خدا بخش میں زیر تعمیر سٹیڈیم کا سنگ بنیاد رکھا۔جی این آئی کے مطابق صدر زرداری نے کہا کہ سندھ حکومت اتحادیوں کے ساتھ مل کر سازشی عناصر کے خلاف کارروائی کرے۔انہوں نے کہا پنجاب میں ترقیاتی کام نہ ہونے پر افسوس ہوتا ہے،صوبوں میں مضبوط حکومتیں چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ سے سندھ کو ملنے والے فنڈز سے دریائے سندھ پر تین سو چھوٹے ڈیم بنائیں گے۔آن لائن کے مطابق خیرپور،لاڑکانہ میں پل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان محفوظ ہاتھوں میں ہے جان دے دیں گے مگر پاکستان پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔دہشت گردی کا ڈٹ کر مقابلہ کر کے دہشت گردی کے اس کینسر کو جڑ سے ختم کر دیا جائے گا اور کراچی کے حالات خراب کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔دہشت گردوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔صدر زرداری نے کہا کہ خودکش دھماکے اور دہشت گردی کی یہ کارروائیاں جمہوری حکومت کو کمزور نہیں کر سکتیں نہ ہی اس طرح کی کارروائیوں سے ہمیں جھکایا جا سکتا ہے۔دہشت گردی کیخلاف جنگ جاری رہے گی دہشت گردوں کیخلاف کارروائیوں کے بعد حکومت مخالف عناصر اور دہشت گرد بوکھلاہٹ میں آ کر اس طرح کی کارروائیاں کر رہے ہیں جن سے سختی سے نمٹا جائے گا انہوں نے کہا کہ ہمارے ارادے اٹل اور مضبوط ہیں۔شہید بے نظیر بھٹو کی سوچ پر چلتے ہوئے نظام کو تبدیل کر کے رہیں گے اور اداروں کو مضبوط بنائیں گے انہوں نے کہا کہ اتحادی جماعتوں کے تعاون سے کراچی میں فرقہ وارانہ فسادات کی سازش کرنے والوں اور امن و امان خراب کرنے والوں اور معیشت کو نقصان پہنچانے والوں کو بے نقاب کیا جائے گا مگر کسی کو بھی کراچی کا امن اور حالات خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ معصوم اور بے گناہ لوگوں کو خودکش دھماکوں کے ذریعے قتل کرنے والے پاکستان اور انسانیت کے دشمن ہیں اور وہ مسلمان نہیں ہو سکتے۔ کراچی میں جن لوگوں کی دکانیں جلی ہیں اور جن کا نقصان ہوا ہے ان نقصانات کا سروے کرانے کے بعد ان کا ازالہ کیا جائے گا اور وفاقی حکومت متاثرہ لوگوں کو معاوضہ ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں پانی کے ضیاع کو روکنے کیلئے 300 چھوٹے ڈیم بنائے جائیں گے۔ کراچی میں خودکش دھماکہ کے حوالے سے جاری مذمتی بیان میں صدر زرداری نے دھماکہ میں انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور سوگواران کے خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ صدر نے کہا کہ دہشت گرد اور انتہا پسند اس بات کے خواہاں ہیں کہ لوگ آپس میں لڑیں اور وہ لوگوں کو مشتعل کر کے اور ملک کو فرقہ وارانہ تصادم کی طرف دھکیل کر اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں،صدر نے کہا کہ عوام انتہا پسندوں کی چال میں نہ آئیں اور دہشت گردوں کو اپنے مقاصد میں ناکام بنا دیں۔ دریں اثناء وزیر اعظم گیلانی نے مذمتی بیان میں کہا ہے کہ دہشت گردی کا یہ واقعہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ اس قسم کے عناصر کا کوئی مذہب یا ایمان نہیں۔ این این آئی کے مطابق گوادر میں گوادر جے وانی کوسٹل ہائی وے اور لیبر ہاﺅسنگ کالونی کی افتتاحی تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم گیلانی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا مشن عوام کو طاقت دینا اوران کے حقوق کی جنگ لڑنا ہے ،آمر کے تمام کالے قوانین ختم کرینگے ،فوجی آپریشن کیلئے سیاسی اور مذہبی قیادت کی حمایت حاصل ہے،دہشت گردی پر جلد قابو پالیا جائےگا،دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا،فوج نے ملک کی خاطر اپنی جانوں کی قربانی دی،جنہیں ہم سلام پیش کرتے ہیں بیس ہزار سے زیادہ نوجوانوں کی درخواستیں جمع ہو چکی ہیں جن میں چار ہزار خواتین بھی شامل ہیں اور کوشش ہو گی کہ یہ ملازمتیں بلوچستان کے حقیقی لوگوں کو ہی ملیں۔ثناءنیوز کے مطابق وزیراعظم گیلانی نے کہا کہ دہشت گرد ملکی ترقی میں ”سپیڈ بریکر“ کا کام کر رہے ہیں دہشت گردوں کی سرکوبی کے لئے جاری فوجی آپریشن کو سیاسی و مذہبی قیادت کی مکمل حمایت اور پوری قوم کی تائید حاصل ہے۔ آن لائن کے مطابق وزیر اعظم گیلانی نے کہا کہ 1973ء کے آئین کو اصل شکل میں بحال کریں گے ،آج ملک 1973ء کے آئین اور پیپلز پارٹی کی وجہ سے مضبوط ہے،تمام ادارے آئین کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے کام کریں تو ملک ترقی کی منازل طے کرے گا،ہم وہ غلطیاں نہ دہرائیں جس سے دھچکا لگے، انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کو ان کے آئینی،سیاسی اور معاشی حقوق دیئے جائیں گے لیبر پالیسی کا اعلان جلد کر دیا جائے گا۔ 
کراچی میں رینجرز کے اہلکار کی نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا کہ کراچی میں دھماکہ اور جلاﺅ گھیراﺅ سوچے سمجھے منصوبے کے تحت کیا گیا۔ آگ لگانے والے جلوس کے شرکاء نہیں تھے ۔انہوں نے کہا کہ تحقیقات کیلئے غیر ملکی ٹیم کی خدمات بھی لی جاسکتی ہیں۔ عمارتوں کو آگ لگانے کی تفتیش ایف آئی اے کے ڈائریکٹر کرینگے جبکہ سانحہ کراچی کی تفتیشی ٹیم کے انچارج ڈی آئی جی ایسٹ ہوں گے۔تحقیقاتی ٹیم میں تاجر بھی شامل ہوں گے۔ انہوں نے کہا دھماکے کے فوری بعد آگ لگانا افسوسناک ہے۔دھماکہ جلوس پر نہیں بلکہ ملکی سالمیت پر کیا گیا۔ تحقیقات کو منطقی انجام تک پہنچائینگے۔سٹاف رپورٹر کے مطابق گورنر ہاﺅس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا کہ یوم عاشور کے مرکزی جلوس پر حملہ پاکستان توڑنے کی سازش اور جمہوریت پر حملہ ہے۔انہوں نے کراچی کی مارکیٹوں کو لوٹنے اور جلانے کے واقعات کی تحقیقات کا حکم دیدیا ہے اور 2 دن میں اعلیٰ سطح کی تفتیش مکمل کرکے وفاقی کابینہ کو رپورٹ پیش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حملہ کرنے والی وہ غیر جمہوری قوتیں ہیں جن کی نشاندہی صدر نے اپنی تقریر میں کی تھی۔ خودکش حملہ سوچی سمجھی سازش ہے جس میں غیر ریاستی عناصر ملوث ہیں۔ رحمن ملک نے جلائی جانیوالی املاک کے متاثرین کیلئے فنڈ کے قیام کا اعلان کیا اور کہا کہ حکومت تاجروں کے نقصانات کا ہرممکن ازالہ کریگی۔
خبر کا کوڈ : 17661
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش