0
Tuesday 10 Jul 2012 01:45

نیٹو سپلائی بند نہ کی گئی تو انقلاب برپا کردیں گے، شبیر احمد خان

نیٹو سپلائی بند نہ کی گئی تو انقلاب برپا کردیں گے، شبیر احمد خان
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل شبیر احمد خان نے کہا ہے کہ 16 جولائی کو پشاور میں حیات آباد کے مقام پر نیٹو سپلائی روٹ پر دھرنے اور 17 جولائی کو باغ ناران سے بابِ خیبر جمرود تک احتجاجی مارچ میں لاکھوں لوگوں کو شریک کرنے کی منصوبہ بندی کرلی ہے، اگر نیٹو سپلائی بند نہ کی گئی تو انقلاب برپا کردیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی صدارت میں جماعت اسلامی کے صوبے بھر کے ضلعی اُمراء کے ایک ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جو المرکز اسلامی پشاور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں حکمرانوں کی جانب سے نیٹو سپلائی کی بحالی کے فیصلے سے پیداشدہ سنگین صورتحال پر تفصیلی غور کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ حکمرانوں کو عوامی قوت کے بل پر نیٹو سپلائی کی بحالی کا فیصلہ واپس لینے پر مجبور کیا جائیگا۔ صوبے بھر میں جماعت اسلامی کے ضلعی اُمراء کو جنگی بنیادوں پر احتجاجی دھرنے اور احتجاجی مارچ کے لئے تیاریوں کی ہدایت کی گئی اور بڑے پیمانے پر عوامی شرکت کو یقینی بنانے کیلئے گائوں، محلہ اور یونین کونسل کی سطح پر کارنر میٹنگز اور اجتماعات کے انعقاد کافیصلہ کیا گیا ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے صوبائی جنرل سیکرٹری شبیر احمد خان نے کہا کہ نیٹو سپلائی بحال کرکے حکمرانوں نے جو شرمناک اقدام کیا ہے اُسے کسی بھی صورت قبول نہیں کیا جائیگا۔ اُنہوں نے کہا کہ نیٹو سپلائی کی بحالی کا فیصلہ واپس نہ لیا گیا تو حکومت کی اینٹ سے اینٹ بجادیں گے۔ اجلاس میں صوبہ بھر کے ہر ضلعی تنظیم کو 16 جولائی کے دھرنے اور 17 جولائی کے احتجاجی مارچ میں شرکت کیلئے حاضری کے اہداف دے دیئے گئے۔ جبکہ صوبے بھر میں جماعت اسلامی کے قومی اور صوبائی اسمبلی کے اُمیدواروں کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے حلقوں میں فوری طور پر دورے ترتیب دیکر زیادہ سے زیادہ لوگوں کو احتجاجی دھرنے اور احتجاجی مارچ میں شریک کرنے کے لئے ضلعی تنظیموں کی مددکریں۔ دریں اثناء جماعت اسلامی خیبرپختونخوا کے جنرل سیکرٹری شبیر احمد خان نے حیات آباد میں باغ ناران کے قریب نیٹو سپلائی روٹ پر احتجاجی دھرنے کے مقام کا دورہ کیا۔
خبر کا کوڈ : 177890
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش