0
Sunday 15 Jul 2012 13:44

پاک ایران لازوال دوستی کو کوئی طاقت ختم نہیں کرسکتی، علامہ راغب حسین نعیمی

پاک ایران لازوال دوستی کو کوئی طاقت ختم نہیں کرسکتی، علامہ راغب حسین نعیمی
اسلام ٹائمز۔ جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلٰی علامہ راغب حسین نعیمی ایران کے ایک ہفتہ کے سرکاری دورے سے واپس لاہور پہنچ گئے ہیں، دورے سے واپسی پر انہوں نے ’’اسلام ٹائمز‘‘ سے مختصر گفتگو میں کہا کہ بردار اسلامی ملک ایران کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو مضبوط کرنے سے اسلامی شعائر کی مضبوطی ہوگی کیونکہ یہود و ہنود ایران کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں۔ لہذا تمام اسلامی ممالک کا فرض بنتا ہے کہ وہ بردار اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہو کر اسلام دشمن امریکہ کو سخت سے سخت پیغام دیں۔

انہوں نے کہا کہ ایران کے دورے کے موقع پر ایرانی حکومت کی جانب سے پاکستانی وفد کی جس طرح پذیرائی کی گئی اس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا ایران کی حکومت کے تعاون سے بہتر اور معیاری قران پاک شائع کئے جاسکتے ہیں، جس کی اشد ضرورت ہے۔ لہذا حکومت پنجاب فوری طور پر ایران کے ساتھ معاہدہ کرکے بہتر سے بہتر قرآن پاک طبع کروائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں قرآن پاک شائع کرنے والے ادارے ایرانی اداروں سے روابطہ بڑھائیں، تاکہ قرآن پاک کو معیاری کاغذ پر شائع کیا جاسکے۔

علامہ راغب نعیمی نے کہا کہ ایران کے عوام بھی پاکستانیوں سے بہت پیار کرتے ہیں اور ہمارے درمیان اسلام کا لازوال تعلق اور رشتہ ہے، پاک ایران دوستی کو کوئی طاقت ختم نہیں کرسکتی۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے خلاف سامراج اس لئے سازشیں کر رہا ہے چونکہ وہ اسلامی ملک ہے اور اسلامی کی حقیقی تصویر پیش کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سامراج کی سازش ہے کہ اسلامی ممالک ایران کے زیادہ قریب نہ آئیں، اس لئے فرقہ واریت کو ہوا دی گئی، لیکن اب سامراجی سازشیں کامیاب نہیں ہوں گی۔
خبر کا کوڈ : 179289
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش