0
Monday 16 Jul 2012 14:38

بنوں کے تھانہ پرانا سٹی پر دہشت گردوں کا حملہ، تین ڈی ایس پیز کو یرغمال بنا لیا

بنوں کے تھانہ پرانا سٹی پر دہشت گردوں کا حملہ، تین ڈی ایس پیز کو یرغمال بنا لیا
اسلام ٹائمز۔ بنوں میں تھانہ پرانا سٹی پر دہشت گردوں کے حملہ کے بعد سیکورٹی فورسز سے فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد ہلاک ہو گئے اور ایک کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ 3 پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے، مقابلہ کے بعد دہشت گردوں سے تین یرغمالی ڈی ایس پیز کو بھی بازیاب کرا لیا گیا۔ کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے حملے کی ذمہ داری قبول کر لی۔ پولیس کے مطابق پیر کی صبح ساڑھے 9 بجے کے قریب 8 دہشت گرد تھانہ پرانا سٹی میں داخل ہوئے اور داخل ہوتے ہی انہوں نے 3 ڈی ایس پیز کو یرغمال بنا کر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، جس کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لیکر آپریشن شروع کر دیا۔

صورت حال پر قابو پانے کیلئے فوج کو بھی طلب کر لیا گیا، جس پر فوج نے علاقے کو خالی کر کے آپریشن شروع کر دیا۔ جس کے دوران چار دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا جبکہ ان کے قبضے سے تین یرغمال ڈی ایس پیز کو بھی بازیاب کرا لیا گیا۔ پولیس کے مطابق آپریشن کے دوران ایک دہشت گرد کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے نتیجے میں 3 اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ دریں اثناء کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔

دیگر ذرائع کے مطابق  بنوں تھانے پر حملہ کرنے والے ایک دہشتگرد نے خود کو دھماکے اڑادیا، جبکہ 3 آپریشن میں مارے گئے، دوسری جانب چار پولیس اہلکار اور ایک شہری کو شک کی بنیاد پر حراست میں لے لیا گیا ہے۔ بنوں شہر کی تنگ گلیوں میں واقع تھانا پرانا سٹی پر 10بجے صبح حملہ کیا گیا۔ ڈی آئی جی بنوں نثار احمد تنولی نے میڈیا کو بتایا کہ برقع پوش حملہ آور اپنے ساتھی کے ہمراہ تھانے کی عمارت میں داخل ہوا اور فائرنگ شروع کردی۔ بنوں شہر دھماکوں اور فائرنگ کی آوازوں سے گونجتا رہا۔ بازار بنداور گلیاں سنسنان ہوگئیں اور شہر میں کرفیو نافذ کردیاگیا۔ ڈی آئی جی بنوں نے تصدیق کی کہ ایک حملہ آور نے خودکو دھماکے سے اڑادیا جبکہ اسکے باقی ساتھی آپریشن کے دوران فائرنگ سے مارے گئے۔

دھماکے سے عمارت اور گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔ عسکری ذرائع نے بھی تصدیق کی ہے کہ حملہ آور برقع پہن کر تھانے میں داخل ہوا۔ حکام کا کہنا ہے کہ آپریشن مکمل کرلیا گیا ہے اور صورتحال اب قابو میں ہے۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے چار پولیس اہلکار اور ایک شہری کو شک کی بنیاد پر حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیاگیا ہے ۔ یاد رہے کہ بنوں میں چند ہفتوں قبل بھی شدت پسندوں نے سینٹرل جیل پر حملہ کرکے اپنے ساتھیوں کو آزادکرالیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 179560
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش